پی ایس ایل5 ،پلا ٹینم کیٹیگری کے28فارنرز پلیئرز کااعلان


اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) فائیو کے لیے پلاٹینم کیٹیگری کے 28 غیرملکی کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاری کردی ہے۔

غیرملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے ابھی وقت باقی ہے اور 21 نومبر کو جب رجسٹریشن مکمل ہوجائے گی اس کے بعد پی سی بی کی طرف سے فہرست میں شامل تمام کھلاڑیوں کے نام جاری کئے جائیں گے۔

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین ، معین علی، عادل رشید اور جیسن رائے سمیت 28 غیر ملکی کھلاڑی کو اب تک پلاٹینم کٹیگری میں شامل کیاگیا ہے۔

ڈیل اسٹین کی شمولیت سے 2016 میں شروع ہونے والی لیگ کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ پاکستانی لیگ میں شرکت کے لیے آئندہ سال پاکستان آنے والے ڈیل اسٹین نے آخری بار 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اب تک ڈرافٹ کا حصہ بننے والے 8 ممالک کے 28 کھلاڑیوں میں سے 7 کا تعلق انگلینڈ، جنوبی افریقہ کے 6، ویسٹ انڈیز کے 5، آسٹریلیا اور افغانستان سے 3،3، سری لنکا کے دو جبکہ ایک ایک کھلاڑی کا تعلق نیوزی لینڈ اور نیپال سے ہے۔

پلاٹینم کٹیگری میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں میں افغانستان سے محمد نبی، مجیب الرحمٰن اور راشد خان، آسٹریلیا سے ڈین کرسٹن، بین کٹنگ اور کرس لین کا نام بھی پلاٹینم کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے معین علی، ہیری گرنی، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور جیسن رائے، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا، جے پی ڈومنی، کولن انگرام، ریلے روسو، ڈیل اسٹین اور عمران طاہر جب کہ ویسٹ انڈیز سیکارلوس بریتھ ویٹ، ڈائن براوو، ایون لوئس، سنیل نارائن اور کیرون پولارڈ کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

اسی طرح سری لنکا سے اینجلو میتھیوز اور تھیسارا پریرا جب کہ نیوزی لینڈ سے فی الحال صرف کولن منرو کا نام پلاٹینم کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 2020 ایونٹ کے لیے پانچ کٹیگریز رکھی گئی ہیں جن میں پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ شامل ہیں۔

ہر اسکواڈ میں کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ہراسکواڈ میں تین پلاٹینم، تین ڈائمنڈ، تین گولڈ، پانچ سلور، دو ایمرجنگ اور دو سپلمنٹری کھلاڑی شامل ہوں گے۔

شرائط کے مطابق 16 رکنی اسکواڈ میں 11 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہوگی تاہم 18 رکنی اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی ترتیب 2 آرڈر میں کی جاسکتی ہے۔اسکواڈ میں یا تو 12 مقامی اور 6 غیرملکی کھلاڑی ہوں گے یا پھر 13 مقامی اور 5 غیرملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔

پلیئنگ الیون میں کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 4غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت لازمی رکھی گئی ہے، ہر فرنچائز گذشتہ اسکواڈ میں شامل 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی ہے جس کے لیے ری ٹینشن ونڈو یکم دسمبر کو بند ہوگی۔

پلاٹینم میں شامل ہر کھلاڑی کو 2 کروڑ 30 لاکھ سے 3 کروڑ 40 لاکھ روپے( 147 ہزار تا218 ہزارامریکی ڈالر) ملیں گے، ڈائمنڈ کیٹگری والوں کو ایک کروڑ 15 لاکھ سے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے( 73 ہزار تا103 ہزارامریکی ڈالر) دیے جائیں گے۔

گولڈ کیٹگری والوں کو 60 لاکھ سے 89 لاکھ روپے( 44ہزار تا58 ہزارامریکی ڈالر) ، سلور کیٹیگری والوں کو 24 لاکھ سے 54 لاکھ روپے( 15 ہزار تا35 ہزارامریکی ڈالر) اور ایمرجنگ پلیئرز کو 10 لاکھ سے 15 لاکھ روپے( 6.5ہزار تا9.5 ہزارامریکی ڈالر) دیے جائیں گے۔

Comments are closed.