اردو یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم میں قومی نقش کو مضبوط بنارہی ہے، وجیہ قمر
فوٹو : پی آر
اسلام آباد (عثمان جبار )عالمی رینکنگ میں شامل فیڈرل اردویونیورسٹی کا کانوکیشن ہوا ہے جس سے وزیر مملکت وجیہ قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اردو یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم میں قومی نقش کو مضبوط بنارہی ہے، وجیہ قمر نے کہا یونیورسٹی یہ اہم کرداراداکررہی ہے.
فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں پروقار، بے مثال اور شاندار انداز میں جلسہ عطائے اسناد منعقد ہوا۔ "قومی ترقی کا راز، قومی زبان میں تعلیم” کا سلوگن رکھنے والے قومی تعلیمی ادارے یعنی وفاقی جامعہ اردو سے فارغ التحصیل گریجویٹس کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔
امتیازی نمبر حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ کو میڈلز پہنائے گئے۔ کانوکیشن کی صدارت وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہ قمر نے کی۔ ممبران قومی اسمبلی انجم عقیل، جمال رئیسانی اور فتح اللہ مہمانان اعزازی تھے۔
فیکلٹی ممبران، وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ شنواری، انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر اور ایڈیشنل انچارج علیم رضا جلوس کی صورت میں مہمانان گرامی کو پنڈال تک لے آئے۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری نے ڈگری اور میڈلز لینے والے طلبہ کو مبارکباد دی۔
وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہ قمر نے جامعہ اردو کے فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریاں عطا کرنے کی اجازت دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیڈرل اردو یونیورسٹی تعلیم و تحقیق میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
وائس چانسلر اور فیکلٹی کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اردو یونیورسٹی کا مالی بحران ختم کریں گے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کا کہنا تھا کہ اردو یونیورسٹی نے بڑے انٹیلیکچولز پیدا کئے ہیں۔ خوشی ہے کہ ہماری یونیورسٹی اب عالمی رینکنگ میں آگئی ہے۔
انچارج کیمپس ڈاکٹر صبا بشیر کا کہنا تھا کہ کانوکیشن نے فیکلٹی اور طلبہ میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ یہاں لائق فیکلٹی ممبران ہیں۔ کانوکیشن کا کامیاب انعقاد شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے.
ایڈیشنل رجسٹرار علیم رضا، انچارج کیمپس صبا بشیر، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل انجینیرنگ ڈاکٹر راحت اور سینیر فیکلٹی ممبران نے نظامت کی۔ شیخ الجامعہ نے اعلان کیا کہ اسلام آباد کیمپس کا اگلا کانوکیشن اگلے سال منعقد ہو گا۔
Comments are closed.