جو ذمہ داری ملی ہےاسے نبھاوں گا،خوشی ہےبابراعظم فارم میں آگئے، شاہین شاہ

جو ذمہ داری ملی ہےاسے نبھاوں گا،خوشی ہےبابراعظم فارم میں آگئے، شاہین شاہ
50 / 100 SEO Score

فوٹو : فائل

فیصل آباد :  ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کی قیادت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس ذمہ داری کو بھرپور انداز میں نبھاؤں گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ٹیم متحد ہے اور تمام کھلاڑی بہترین کھیل کے لیے پُرجوش ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ 17 سال بعد فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، یہاں کے شائقین کرکٹ سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ہمیں ان کے سامنے کھیلنے کا موقع ملنا باعثِ فخر ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط حریف ہے، وہ اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، تاہم پاکستانی ٹیم نے بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی، امید ہے ون ڈے سیریز میں بھی شاندار کھیل پیش کریں گے۔

کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں کا جذبہ بلند ہے، سب نوجوان پُرجوش اور پر اعتماد ہیں۔ ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے، فیصلے ہمارے اختیار میں نہیں، مگر جو ذمہ داری ملی ہے، اُس پر مکمل فوکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ فرنٹ سے لیڈ کرنے کے لیے تیار ہیں اور ٹیم کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کھیلیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں حالیہ چیمپئنز کپ کا تجربہ شاندار رہا، اب موسم بھی بہتر ہے، تاہم شام کے وقت گیند گیلا ہونے کا امکان ہے جس کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بابر اعظم کے حوالے سے کہا کہ بابر اعظم کے فارم میں واپس آنے کی خوشی ہے، وہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں اور ان کی فارم ٹیم کے لیے مثبت اثرات لائے گی۔

قومی کپتان نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی ملک کے لیے بہترین کھیل پیش کرنے کے جذبے سے سرشار ہیں، اور پوری کوشش ہو گی کہ شائقین کو ایک یادگار سیریز دی جا سکے۔

جو ذمہ داری ملی ہےاسے نبھاوں گا،خوشی ہےبابراعظم فارم میں آگئے، شاہین شاہ

Comments are closed.