ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد میئر منتخب
فوٹو : سوشل میڈیا
نیویارک : امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار ظہران ممدانی نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلے مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد میئر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق میئر الیکشن میں ظہران ممدانی کا مقابلہ آزاد امیدوار اینڈریو کومو اور ریپبلکن امیدوار کرٹس سلوا سے تھا۔ انتخابی نتائج میں ممدانی نے واضح برتری حاصل کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی جماعت کے امیدوار کے بجائے آزاد امیدوار اینڈریو کومو کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹس نے ورجینیا سمیت کئی ریاستوں میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔
تقریباً 33 سالہ ظہران ممدانی کا تعلق جنوبی ایشیائی خاندان سے ہے۔ وہ خود کو ڈیموکریٹک سوشلسٹ کہتے ہیں اور اس سے قبل ریاستی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
ممدانی نے پارٹی کی پرائمری میں اینڈریو کومو کو شکست دے کر ڈیموکریٹک امیدوار کی نامزدگی حاصل کی تھی۔
ورجینیا میں ڈیموکریٹس نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی، ابیگیل اسپینبرگر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر منتخب قرار پائیں۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹس نے ری پبلکنز سے گورنر کی نشست واپس لے لی، ڈیموکریٹ امیدوار ایبِیگیل اسپینبرگر نے ورجینیا کی گورنر شپ کا الیکشن جیت لیا ہے جس کے بعد وہ اس جنوبی امریکی ریاست کی تاریخ میں پہلی خاتون گورنر بن گئی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسپینبرگر نے ریپبلکن لیفٹیننٹ گورنر ونسوم ارل سیئرز کو 45 کے مقابلے میں 55 فیصد ووٹوں سے واضح شکست دی۔
سابق سی آئی اے اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے میں بحیثیت افسر خدمات انجام دینے والی اسپینبرگر تین بار امریکی ایوانِ نمائندگان کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔
ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد میئر منتخب
Comments are closed.