ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کا سالڈ ویسٹ پھینکنے والے یونٹس سیل کرنے حکم

52 / 100 SEO Score

فوٹو : سکرین شاٹ 

ایبٹ آباد : مانگل بچاو تحریک کی اہم پیش رفت ،ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کا سالڈ ویسٹ پھینکنے والے یونٹس سیل کرنے حکم، مانگل سے ملحقہ علاقوں کے دورہ کے دوران سیوریج براہِ راست مانگل کٹھہ میں گرانے کے ذمہ داران کو نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی.

 ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے تحصیل چیئرمین سردار شجاع نبی کے ہمراہ مانگل کٹھہ، گوہر ایوب ٹاؤن، بستی لال خان، کالا پل اور نیلے پیر کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

دورے میں چیئرمین ڈی آر سی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز، نمائندہ ٹی ایم اے، انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی، چیئرمین میاں رخسار اور ممبران تحصیل کونسل بھی شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے مانگل کٹھہ میں سمال انڈسٹریز کی جانب سے سالڈ ویسٹ پھینکنے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ یونٹس کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ٹی ایم اے کو ہدایت کی گئی کہ جو گھر سیوریج براہِ راست مانگل کٹھہ میں گراتے ہیں، انہیں فوراً نوٹس جاری کیے جائیں۔

انہوں نے مانگل کٹھہ کے اطراف ڈھلوانوں پر تعمیر کیے گئے غیر محفوظ گھروں کے مالکان کو بھی نوٹس دینے کا حکم دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی، سالڈ ویسٹ اور سیوریج کے باعث ماحولیاتی تباہی کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

گوہر ایوب ٹاؤن میں سالڈ ویسٹ کی غیر قانونی ڈمپنگ پر بھی ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو ذمہ دار انڈسٹریل یونٹس کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا۔

اسی طرح بستی لال خان میں ماربل ویسٹ اور سلری کے ڈھیروں کے باعث پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پر مالکان کو نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔

عثمان آباد پل کے معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پل کے اطراف جاری غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو فی الفور ختم کرنے کا حکم دیا۔

کالا پل مانسہرہ روڈ پر نالے میں پھینکے گئے کوڑے کرکٹ اور پختہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی واضح احکامات جاری کیے گئے۔

نیلے پیر، المیرا اور شاہ کوٹ کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مانگل کٹھہ کے قریب پبلک ہیلتھ کے ٹیوب ویلوں کا معائنہ کیا اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پانی کے معیار کی فوری جانچ کی ہدایت دی۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام اداروں کو خبردار کیا کہ شہریوں کی صحت اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Comments are closed.