بحریہ ٹاؤن میں گردے فروشی کا نیٹ ورک بے نقاب،ایک شخص گرفتار، چھ فرار
فوٹو : فائل
راولپنڈی : بحریہ ٹاؤن میں گردے فروشی کا نیٹ ورک بے نقاب،ایک شخص گرفتار، چھ فرار ہو گئے، پولیس چھاپہ مارنے کے باوجود موقع سے فرار ہونے والے ملزمان کو پکڑنے میں ناکام رہی تاہم بعد میں مقدمہ درج کر لیا.
پولیس کے مطابق چھاپہ کے وقت بھی بازیاب شخص کو بے ہوش کر کے گردہ نکالنے کی تیاری جاری تھی ملزمان فرار ہو گئے لیکن اس دوران اس غیر قانونی عمل میں استعمال ہونے والے آلات برآمد کر لئے گئے.
یہ کارروائی تھانہ روات پولیس نے بحریہ ٹاؤن فیز 8 کے ابوبکر بلاک میں کی جہاں مبینہ طور پر گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کی جاتی تھی مگر پولیس سوائے ایک ملزم کے باقیوں کو پکڑنے میں ناکام رہی.
پولیس کے مطابق کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی، کسی نے پولیس کو بتایا تھا کہ ایک گھر میں چیخ و پکار سنائی دے رہی ہے، پولیس پہنچی تو ایک نوجوان حنان زاہد بازیاب ہوا جو کہ ایک اسٹریچر پر بندھا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان کو پہلے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا گیا، پھر نشہ آور مشروب پلا کر بے ہوش کیا گیا۔ بعد ازاں اس کے مختلف ٹیسٹ، کراس میچ اور دیگر طبی معائنے کیے گئے، تاکہ اس کا گردہ نکال کر فروخت کیا جا سکے۔
موقع سے گردے نکالنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم ظفر اللہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ گروہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں کو گردے فروخت کرتا تھا۔
چھاپے کے دوران فرار ہونے والے ملزمان میں معروف سرجن ڈاکٹر منظور، عمران، گل نواز، زیب، رفیق عرف فیکا شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ 298-A، 295-A دفعات کے تحت تھانہ روات میں درج کر لیا ہے۔
مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.