بیاسی سالہ مصطفیٰ کمال نے 170 بار خون عطیہ کیا

اسلام آباد(وقار مغل فانی) ہلالِ احمرپاکستان کے زیر ِ اہتمام ”ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے“ کی تقریب، قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری مہمان خصوصی تھے۔ اِس موقع پر چیئرمین ہلالِ احمر جناب ابرار الحق، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز سمیت دیگر سینئر حکام، رضاکار، باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔

ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دِن اِس حقیقت کی یادھانی ہے کہ دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ میں خون کی منتقلی اہمیت کی حامل ہے۔

انھوں نے کہا قدرت نے بھائی چارے کے فروغ کیلئے انسان کیلئے انسان کا ہی خون درکار ہونا طے کیا۔ابرار الحق کو پوری دنیا جانتی ہے اِن کا انسانیت کی خدمت کیلئے کام سب کے سامنے ہے، انسانیت کی خدمت اللہ تک پہنچنے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں لوگوں کو خون کے عطیات کی بدولت نئی زندگی ملتی ہے، لاکھوں لوگ خون عطیہ کرکے ابدی خوشی پاتے ہیں، اِس کارِ خیر میں ہلال ِاحمر کے زیر ِ اہتمام ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر کی خدمات قابل ِ تعریف ہیں۔

قاسم سوری نے کہا کہ بلڈ ڈونر کی بروقت دستیابی کیلئے ہلالِ احمر کی جانب سے ایپ کی تیاری باعث ِ فخر ہے،کورونا ویکسی نیشن کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دینے کا عمل فروغ پارہا ہے۔

پاکستان میں تھلیسیمیا کے مریضوں کی تعداد اِس بات کی متقاضی ہے کہ خون کے عطیات میں اضافہ کیا جائے۔ کورونا وباء کے دوران خون کے عطیات میں کمی سے تھلیسیمیا کے مریضوں کی ضرورت پوری کرنا ایک چیلنج بن چکا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر ابرار الحق نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم کا آغاز کیا تھا تو سب سے پہلے قاسم سوری نے ہی خون کا عطیہ دیا مجھے اِن پر فخر ہے۔

انہوں نے اِس اَمر پر زور دیا کہ رضاکارانہ بنیادوں پر خون کے عطیات دینے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ رضاکارانہ اور باقاعدگی سے خون کا عطیہ دینا شفاف اور محفوظ خون کے معیار کو بھی بڑھائے گا۔

ابرار الحق نے کہا ہلالِ احمر ہمیشہ سے مستحق مریضوں، ہنگامی صورتحال، حادثات کے دوران خون کے انتظام اور فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ ہلالِ احمر کے رضاکار خون کے عطیات جمع کرنے اور بروقت دستیابی کیلئے متحرک و فعال ہیں۔

رضاکار خود بھی باقاعدگی سے خون کا عطیہ دیتے ہیں اور آگاہی مہم میں بھی شریک رہتے ہیں۔تقریب سے 82 برس کی عمر میں 170 بار خون کا عطیہ دینے والے جنرل (ر)مصطفی کمال اکبر نے بھی خطاب کیا.

اس موقع پر 158 مرتبہ خون عطیہ کرنے والے مرتضیٰ برہانی نے اپنے عطیہ خون سے متعلق منظوم کلام پیش کیا۔باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے والوں میں شیلڈز اور تحائف تقسیم کی گئیں.

چیئرمین ہلال ِاحمر نے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔تقریب میں کاشف سلیمان، عاطف اعوان، مرزا متین، وقار الحسن اور مرزا عدیل کی خدمات کوبھی سراہا گیا۔واضح رہے کہ امسال عالمی بلڈ ڈونر ڈے کا موضوع "Give blood and keep the world beating”تھا۔

Comments are closed.