پنجاب اسمبلی اجلاس کی تاریخ پھر تبدیل کر دی گئی

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پنجاب میں آئینی بحران کا سلسلہ جاری ہے اور ایک بار پھر پنجاب اسمبلی اجلاس کی تاریخ تبدیل کردی گئی ہے۔ڈپٹی اسپیکرکے خلاف تحریک عدم اعتماد کےلئے سولہ مئی کو بلایا گیا اجلاس اب تیس مئی کو ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کی طرف سےڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کاروائی پھر التواء میں ڈال دی گئی اجلاس اب 37دن بعد 30 مئی کو ہوگا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی نے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے رولز پچیس کے تحت اجلاس کی تاریخ تبدیل کی ہے۔

اب ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے خلاف تیس مئی کے اجلاس میں کارروائی آگے بڑھائے جاسکے گی۔

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے چھ اپریل کو ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی تھی،اب تک سینتیس دن گزرنے کے باوجودعدم اعتماد پر کارروائی نہیں ہوسکی۔

تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کےلئے ایک سو چھیاسی ارکان کی حمایت درکار ہے۔ بظاہرمطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کے باعث اجلاس کو مسلسل التوا میں ڈالا جا رہا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کے خلاف سات اپریل کو عدم اعتماد کی تاریخ مسلم لیگ ن کی طرف سے جمع کرائی گئی تھی ۔

ڈپٹی اسپیکر کے بعد اسپیکر کا نمبر آنا ہے تاہم اب تک سینتیس دن گزرنے کے باوجود پہلی تحریک عدم اعتماد کا بھی نمبر نہیں آسکاہے۔

Comments are closed.