امریکی سفارتکارکی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق

فوٹو: فائل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی کی گاڑی نے دامن کوہ کے قریب موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔

حادثے کے وقت امریکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی خود گاڑی چلا رہے تھے اور گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا گیا ہے تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث سفارتکار کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کو پمز اسپتال منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور امریکی سفارت خانے کو بھی حادثے کی اطلاع کر دی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی اسلام آباد میں ہونے والے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

جیو نیوز کے مطابق امریکی سفارت خانے کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آج سہ پہر سفارت خانے خانے کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔

ترجمان امریکی سفارت خانے کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے مقامی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔

Comments are closed.