کینسر کے مریضوں کے مفت علاج کے لیے ایک ارب کا پی سی ون منظور

52 / 100

فائل:فوٹو

پشاور: خیبر پختونخواحکومت نے کینسر کے مریضوں کے مفت علاج کے لیے ایک ارب کا پی سی ون منظور کرلیا۔مفت علاج کیلئے 10 فیصد معاونت محکمہ صحت اور 90 فیصد دواساز کمپنی نوارٹس مدد فراہم کریگی۔

محکمہ صحت کے مطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ،خیبر ٹیچنگ اسپتال ، ڈی آئی خان اور ایبٹ آباد میں کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ اس حوالے سے محکمہ صحت خیبر پختون خوا اور دواساز کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دو سے تین ہفتوں میں دستخط ہوجائینگے۔

مفت علاج کیلئے 10 فیصد معاونت محکمہ صحت اور 90 فیصد دواساز کمپنی نوارٹس مدد فراہم کریگی۔ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو ) پر دستخط کے بعد کینسر کے مریضوں کا علاج پھر سے مفت ہوسکے گا۔

خون کے مختلف النوع کینسر کے علاج کیلئے پانچ قسم کی ادویات درکار ہوتی ہیں جن کی قیمت ایک لاکھ سے چار لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ ان بیماریوں کا علاج صحت کارڈ میں بھی شامل نہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق پروگرام کے تحت جون 2022 تک صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 8 ہزارمریضوں کا مفت علاج کیلئے اندراج ہوچکا ہے۔ خون کے کینسر میں مبتلا افراد کی تعداد 3764 جبکہ دیگر کینسر میں مبتلا افراد 4850 ہے۔ ان میں 56 فیصد مرد جبکہ 44 فیصد خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 5 سے 97 سال کے درمیان ہیں۔

Comments are closed.