شہباز گل کو پیر تک پمز ہسپتال میں رکھنے اور دوبارہ میڈیکل کرانے کا حکم

50 / 100

فائل فوٹو

اسلام آباد:اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل کو پیر تک پمز ہسپتال میں رکھنے اور دوبارہ میڈیکل کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہا کہ شہباز گل کو دمہ کا مرض ہے اس کے ٹیسٹ کرائیں، پیر تک دوبارہ میڈیکل رپورٹ جمع کرائیں، دو روزہ فزیکل ریمانڈ ابھی شروع ہی نہیں ہوا پیر کو رپورٹ کے بعد دیکھیں گے۔

بغاوت کیس میں گرفتار شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے مزید 8 روز کے فزیکل ریمانڈ کی استدعا کی۔
شہباز گل نے احاطہ عدالت میں چلانا شروع کردیا، پولیس نے میرا ماسک چھین کر اتار دیا، مجھے آکسیجن ماسک دے دیں ، رات دو بجے تک مجھے یہ ٹیکے لگاتے رہے ہیں ، میں دمے کا مریض ہوں مجھے آکسیجن کی سخت ضرورت ہے۔

پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کا اگر جسمانی ریمانڈ دیا گیا تو اس کے لیے جان کا خطرہ ہے۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے فزیکل ریمانڈ کی حمایت میں دلائل دئیے کہ ملزم کی صحت کا ایشو نہیں ہے، عدالتی آرڈر کے بغیر بھی تفتیشی افسر ایمرجنسی طبی معائنہ کرا سکتا ہے، کہیں نہیں لکھا ہوا کہ کوئی بیمار ہو تو فزیکل ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا، عدالت اگر فزیکل ریمانڈ دے بھی دیتی ہے تو تفتیشی افسر کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملزم کی صحت کا خیال کرے۔

جیل ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ جب ملزم ہمارے پاس آئے تو اس وقت اسے کوئی مسئلہ نہیں تھا اور رپورٹ نارمل تھی۔شہباز گل نے جج سے کہا کہ میری پھیپڑوں کی کی ایک ہی رپورٹ ہوئی ہے ، اصل رپورٹ چھپا لی گئی اس کا کوئی ذکر نہیں۔

پولیس نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے ملزم کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا لیکن وہ حیلے بہانوں سے خود کو بیمار ظاہر کر رہے ہیں، بیماری کا بہانا کرکے ملزم تفتیش میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن حیلے بہانوں سے قانون کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔

سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان نے شہباز گل کو پیر تک پمز میں رکھنے اور دوبارہ میڈیکل کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ شہباز گل کو دمہ کا مرض ہے اس کے ٹیسٹ کرائیں، پیر تک دوبارہ میڈیکل رپورٹ جمع کرائیں، دو روزہ فزیکل ریمانڈ ابھی شروع ہی نہیں ہوا پیر کو رپورٹ کے بعد دیکھیں گے۔

جج راجہ فرخ علی خان نے کہا کہ شہباز گل کی صحت ٹھیک نہیں انکو ہسپتال منتقل کیا جائے، اگر شہباز گل کی حالت درست ہوتی تو اسے ایمبولینس میں کیوں لایا جاتا۔

Comments are closed.