چوہوں نے وہ کام کرنا شروع کئے کہ انسانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

56 / 100

فوٹو: اپوپو، تنزانیہ

ڈوڈوما( ویب ڈیسک)چوہوں نے وہ کام کرنا شروع کئے کہ انسانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا،تنزانیہ میں چوہوں کو ان کی خدمات پر ہیرو چوہوں کانام دے دیاگیا۔

اپنی نوعیت کی یہ منفرد خبر تنزانیہ سے عالمی میڈیا کی توجہ کامرکز بنی ہے جہاں تنزانیہ کی ایک تنظیم اوپوپو ((APOPO نے پچھلے چند سال سے بڑی جسامت والے مقامی چوہوں کی مدد سے بڑے بژے کام سرانجام دیئے ہیں۔

ان چوہوں سے بارودی سرنگیں ڈھونڈنے کے علاوہ ٹی بی کا پتا چلانے کا کام بھی لے رہی ہے۔ اسی مناسبت سے انہیں ہیرو چوہوں کا نام دیا گیا ہے،گزشتہ ماہ اس تنظیم نے ایک نئے منصوبے کا آغاز کیا ہے ۔

اس منصوبے کے تحت چوہوں کو تلاش اور امداد جیسی کارروائیوں کی تربیت بھی دی جارہی ہے،یہ تنظیم پچھلے بیس سال سے تنزانیہ میں مختلف سماجی کاموں میں مصروف ہے۔

اس فلاحی تنظیم کے کاموں میں کسانوں کی فلاح و بہبود، بارودی سرنگوں سے حفاظت اور ان دھماکوں سے معذور ہوجانے والے لوگوں کی بحالی بطورِ خاص شامل ہیں۔

باردوی سرنگوں اور ٹی بی کا سراغ لگانے کیلئے یہ تنظیم کتوں کے علاوہ چوہوں کی خداداد صلاحیتوں سے بھی خوب فائدہ اٹھا رہی ہے، یہی وہ چوہے ہیں جنہیں ہیرو چوہوں کا خطاب دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چوہے بھی کتوں کی طرح سونگھنے کے معاملے میں بہت تیز ہوتے ہیں اور دور سے آتی ہوئی معمولی بدبو سونگھ کر اس جگہ کی سمت اور فاصلے کا پتا لگا لیتے ہیں جبکہ ان کی یادداشت بھی بہت مضبوط ہوتی ہے۔

تنزانیہ اور دوسرے افریقی ممالک میں مسلسل بغاوتوں اور خانہ جنگی کے باعث ان گنت بارودی سرنگیں جگہ جگہ دفن ہیں جو معصوم بچوں اور عام لوگوں کی بڑی تعداد کو ہلاک کرنے کے علاوہ انہیں زندگی بھر کیلئے معذور بھی کررہی ہیں۔

Comments are closed.