قومی سلامتی کمیٹی سے نیشنل سکیورٹی پالیسی منظور

8 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)قومی سلامتی کمیٹی نے ملک کی پہلی نیشنل سیکیورٹی پالیسی کی منظوری دیدی اسے مزید منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی نے ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی 26-2022 کی منظوری دی۔

قومی سلامتی مشیر نے اجلاس کو پالیسی کے خدوخال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی ایک جامع قومی سیکورٹی فریم ورک کے تحت ملک کے کمزور طبقے کا تحفظ، سکیورٹی اور وقار یقینی بنائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا؛ کہ شہریوں کے تحفظ کی خاطر پالیسی کا محور معاشی سیکورٹی ہوگا، معاشی تحفظ ہی شہریوں کے تحفظ کا ضامن بنے گا۔

پالیسی پر عملدارمد یقینی بنانے کے لیے فریم ورک تیار کیا گیا ہے، پالسی سازی کے دوران تمام وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں، ماہرین اور پرائیویٹ سیکٹر سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی سے منظوری کے بعد پالیسی وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی مشیر کو پالیسی پرعملدرآمد کے لئے ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کا تحفظ شہریوں کے تحفظ سے منسلک ہے، پاکستان کسی بھی داخلی اور خارجی خطرات سے نبرد آزما ہونے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی تیاری اور منظوری ایک تاریخی اقدام ہے، قومی سلامتی ڈویژن اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء برائے خارجہ، دفاع، اطلاعات و نشریات، داخلہ، خزانہ، انسانی حقوق ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، قومی سلامتی مشیر، اور سینئر سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں ملکی تاریخ کی پہلی نیشنل سیکیورٹی پالیسی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں افغان صورت حال اورقومی سلامتی کے دیگر معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی کو تازہ ترین صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس میں عسکری حکام اور سینئر وزرا شریک ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی ، علاقائی اور عالمی امور زیر غور آئیں گے اور اس موقع پر کمیٹی کو مختلف صورتحال کے بارے میں تفصیلات سے آگا ہ کیا جائے گا۔

Comments are closed.