ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ایک روزہ میچز کی سیریز ملتوی

55 / 100

کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ایک روزہ میچز کی سیریز ملتوی کردی گئی، یہ فیصلہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے ۔

دونوں ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ہی ویسٹ انڈیز کرکٹ اسکواڈ کے 6 کھلاڑی اور 3 سپورٹ اسٹاف کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں ، تشویشناک صورتحال کے باعث ونڈے سیریز ملتوی کرنا پڑی ۔

بتایا گیاہے کہ دونوں ممالک کے درمیان شیڈول ونڈے سیریز جون2022تک ملتوی کی گئی ہے اور اس سے قبل دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام باہمی مشورے سے ایک روزہ میچز کی سیریز کااعلان کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے سیریز ملتوی ہونے کے حوالے سے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پچھلا ایک ہفتہ کافی مشکل رہا ، خاص طور پر پچھلے 24 گھنٹے کافی مشکل تھے، دونوں بورڈز مسلسل رابطے میں تھے۔

سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ 3 ویسٹ انڈین پلیئرز کا ٹی ٹوئنٹی سیریز سے پہلے کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، کل رات مزید کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کا مثبت ٹیسٹ آیا، ایک پلیئر زخمی تھا، ویسٹ انڈیز کے اپنے پلیئرز پریشان تھے۔

انھوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں مہمان پلیئرز کو خدشہ تھا کہ مزید ٹیسٹ آئے تو کرسمس پر گھر نہیں جاسکیں گے،ایسے میں ویسٹ انڈیز کا مؤقف بھی تھا کہ وہ ون ڈے کیلئے 11 کھلاڑی فیلڈ نہیں کرسکتا۔

سلمان نصیر نے بتایا کہ جون کے پہلے ہفتے میں ان میچز کو ری شیڈول کریں گے مشکل حالات ہیں، کووڈ ایک حقیقت ہے، اس کی وجہ سے اسپورٹس پر کافی اثر پڑ رہا ہے، بائیو سکیور ببل کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔

سی او او پی سی بی نے کہا کہ کووڈ کے حوالے سے ہمارے پروٹوکول طے تھے یہ کہنا مشکل ہے کہ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو کہاں سے کورونا وائرس لگا، حالات سے لگ رہا ہے کہ شاید دبئی میں ٹرانسٹ کے دوران پلیئرز کو کووڈ لگ گیا۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سے اضافی 3 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پر بھی بات ہوئی، میڈیکل ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد آج کا میچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، گراؤنڈ پر اوپن ایریا میں ویسٹ انڈین پلیئرز سے پاکستانی پلیئرز کو وائرس لگنے کے امکانات کم تھے۔

مہمان ٹیم کے 21 کھلاڑی دورہ پاکستان کیلئے آئے تھے جس میں 6 کھلاڑی کورونا کا شکار ہوگئے جبکہ ایک ویسٹ انڈین پلیئر انجری کے باعث دورے سے باہر ہوگیا تھا۔

واضح رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز ہفتہ 18 دسمبر سے کراچی میں ہی شروع ہونا تھی اور تین ونڈے میچز کھیلے جانے تھے جو کہ فی الحال ملتوی کئے گئے ہیں۔

Comments are closed.