یقین نہیں آتا وزیراعظم اتنا بے حس ، گونگا ،بہرا بھی ہوسکتاہے، مریم

47 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے وزیراعظم ریاست مدینہ کی باتیں کرتاہے اور اسی ملک کی عوام مہنگائی کے باعث فاقوں سے خود کشیاں کررہی ہے۔

عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہناہے کہ ہیلی کاپٹر سے ایک دربار سے دوسرے دربار تک سرکاری خرچ پر سفر کرنے والے کو کیا خبر کہ پاکستان کی عوام پر کیا قیامت گزر رہی ہے؟

مریم نواز نے کہا کہ حیرت ہے اس ملک کا وزیراعظم ریاست مدینہ کی بات کررہاہے جہاں عوام فاقوں سے مر رہے ہیں، والدین بچوں کو زہر پلا کر خودکشیاں کر رہے ہیں کیونکہ وہ دو وقت کی روٹی بھی پوری نہیں کر پارہے۔

ن لیگی نائب صدر نے اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کو یاد دلایا کہ ریاستِ مدینہ کا خلیفہ کندھوں پر بوریاں اٹھاکر غریبوں کے گھروں پر دستک دیتا تھا۔

مریم نوازنے کہا کہ کیا کوئی وزیراعظم ایسا بے حس گونگا، بہرا اور اندھا بھی ہو سکتا ہے؟ ہیلی کاپٹر سے سفر کرنے والے کو کیا خبر کہ عوام پر کیا قیامت گزر رہی ہے؟

انھوں نے کہا کہ جس کے کتے بھی اعلیٰ گوشت پر پلتے ہوں اسے ریاستِ مدینہ کا نام لیتے ہوئے سوچنا چاہیے،اُن کا کہنا تھا کہ اس سوچ کے لیے بھی دل میں درد ہونا چاہیے، بغض نہیں۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے عید میلاد پر کانفرنس سے خطاب میں ایک بار پھر مدینہ کی ریاست کی خوبیاں بتائیں اور غریب عوام کو قرضے دینے سمیت دیگر اقدامات کے وعدے کئے تاہم مہنگائی سے فاقوں مجبور عوام کیلئے ایک اور اچھی تقریر کی۔

Comments are closed.