عید میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا

8 / 100

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ملک بھر میں جشن میلاد النبیﷺمذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، مختلف شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جب کہ اسلام آباد میں وزیراعظم نے خصوصی کانفرنس سے خطاب کیا۔

اسلام آباد میں سرکاری اعلان کے مطابق جشن عید میلاد النبیﷺ منانے کااہتمام کیا گیا اس موقع پر شہر کو برقی قمقموں سے بھی سجایاگیا تھا جب کہ راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں عید میلاد کے جلوس نکالے گئے اور تقریبات کااہتمام کیا گیا۔

کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، محافلِ میلاد کا اہتمام کیا گیا، اس دوران گلہائے عقیدت نچھاور کیے جاتے رہے، بچے بھی پیش پیش رہے، عمارتوں کو دیدہ زیب روشنیوں سے سجایا گیا، شاہراہوں پر سبز پرچموں کی بہار نظر آئی۔

آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کادن آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا، دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور خصوصی دعاوں سے ہوا.

ملک بھر میں آج اہل ِ ایمان کل عیدمیلاد النبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم مذہبی عقیدت و احترام سے اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہے ہیں کہ نبی آخر الزمان ؐ کی تعلیمات کو بھرپور انداز میں عام کیاجائے گا.

خاتم النبیین حضرت محمد صلی ا ﷲ علیہ و آلہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دن کا آغاز وفاقی دار الحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہواجس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔

پاکستان بھر کی مساجد میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی جلد آزاد ی سمیت امن اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے.

وزیر اعظم عمران خان نے مذہبی امورکی وزارت کو ملک بھر میں جشن عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایت کی ہے۔گلیوں،بازاروں اور مساجد سمیت تمام سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا۔

جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر ساڑھے 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے.

پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا، مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں،

عید میلاد النبیﷺ شایان شان طریقے سے منائیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر کہا کہ ہم اپنے رسول مکرم ﷺ کا یومِ ولادت یعنی ”عیدمیلاد النبی ﷺ“ نہایت شایانِ شان طریقے سے ملک بھر میں منائیں گے، صبح صدرِ مملکت ایک تقریب کی میزبانی کریں گے جب کہ مجھے سہ پہر میں کنونشن سینٹر میں یہ بابرکت دن منانے کا شرف حاصل ہوگا، انشاءاللہ!

Comments are closed.