قومی پرچم سرنگوں، آرمی چیف اور کابینہ جنازہ میں شریک ہوگی

47 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ ساڑھے 3بجے فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی شرکت کریں گے۔

یہ بات وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہی ہے ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام کابینہ کو محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی ہدایت کی ہے جبکہ ان کے انتقال پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ سمیت بحریہ اور فضائیہ کے اعلیٰ افسران بھی نماز جنازہ میں شریک ہوں گے جب کہ دن 2بجے ان کی فیملی فیصلہ کرے گی کہ ان کی تدفین کہاں کی جائے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ ان کی تدفین کے حوالے سے ڈاکٹر عبدالقدیر کی صاحبزادی سے فون پر تفصیلی بات ہوئی ہے اور ن کے لواحقین کی جانب سے 2 بجے فیصلے کے بعد تدفین کی جگہ کا بتایا جائے گا تاہم یہ فیصلہ ہو گیاہے کہ نماز جنازہ ساڑھے تین بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

سیکیورٹی انتظامات سے متعلق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کمشنر اسلام آباد، پولیس، رینجرز اور ایف سی کو سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے اور بروقت انتظام پورے کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وفاقی وزیر نے ڈاکٹر عبدالقدیر کی تدفین کے انتظامات کے بارے میں بتایا کہ فیصل مسجد کے احاطے اور ایچ 8 میں سے کسی ایک جگہ تدفین ہوگی کیونکہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی بیٹی نے اپنی والدہ سے بات کرکے بتایا کہ انہوں نے ایچ 8 میں اتنظامات کیے ہیں۔

شیخ رشید احمدنے کہا کہ پوری قوم ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر پوری قوم غمزدہ ہے اور پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی تدفین کی جائے گی، سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نماز جنازہ میں عوام کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ڈاکٹر عبد القدیر خان کے نماز جنازہ میں شرکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن اگر ہوتی بھی تو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر نہیں بتا سکتا تھا۔

واضح رہے کہ آج صبح پاکستان کے نامور سائنسدان اور ایٹمی پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل علالت کے باعث 85 برس کی عمر میں کے آر ایل اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

Comments are closed.