عامرلیاقت حسین نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

47 / 100

کراچی (زمینی حقائق ڈاٹ کام )ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے رکن قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیاہے اس کا اعلان انھوں نے ٹوئٹر پر بیان میں کیاہے۔

عامرلیاقت حسین کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں تاہم ابھی تک ان کے استعفیٰ سے متعلق حکومت کا ردعمل سامنے نہیں آیاہے اور نہ ہی استعفیٰ منظور ہواہے۔

عامرلیاقت حسین اس سے قبل وزیر مملکت برائے مذہبی امور رہ چکے ہیں اور تب بھی انھوں نے اسی طرح وزارت سے استعفیٰ دے دیا جب کہ اسی نشست پر وہ پہلے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کرچکے تھے تاہم پارٹی قیادت نے انھیں روک دیا تھا۔

عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹر پر بیان میں صرف مستعفی ہونے کا اعلان کیاہے تاہم انہوں نے استعفیٰ دینے کی وجہ نہیں بتائی لیکن ماضی قریب میں وہ کراچی کے مسائل کے حل پر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

ٹوئٹر پرعامر لیاقت حسین نے لکھا ہے کہ ‘قومی اسمبلی سے استعفیٰ ارسال کردیا ہے، اللہ تعالی عمران خان اور پی ٹی آئی کا حامی و نا صر ہو ۔ اللہ حافظ۔

واضح رہے کراچی میں پی ٹی آئی ارکان میں اختیارات کے معاملے میں بھی اختلافات رہے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی میں بھی حکمران جماعت کے ارکان میں ہم آہنگی کا فقدان رہاہے اور اپوزیشن لیڈر بھی تبدیل کیا گیاتھا۔

Comments are closed.