سمندری طوفان میلیسا کیوبا اور امریکا کی جانب بڑھنے لگا، کیٹیگری 4 میں داخل، کیریبین خطے میں ہائی الرٹ
فوٹو : فائل
جمیکا : سمندری طوفان ”میلیسا“ نے خطرناک موڑ اختیار کر لیا ہے اور کیوبا سے امریکا کی سمت بڑھ رہا ہے۔ امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق یہ طوفان اب کیٹیگری 4 میں داخل ہو چکا ہے اور آنے والے دنوں میں بڑی تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔
طوفان کے باعث جمیکا، ہیٹی اور ڈومینیکن ریپبلک میں انتہائی خطرناک بارشوں، تیز ہواؤں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ طوفان کی زیادہ سے زیادہ رفتار 145 میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کے تباہ کن اثرات 200 میل کے علاقے تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طوفان کا مرکز اس وقت جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن سے 125 میل جنوب مغرب اور کیوبا کے گوانتانامو سے 310 میل جنوب مغرب کی سمت موجود ہے۔ پیش گوئی ہے کہ طوفان رواں ہفتے جمیکا سے ٹکرانے کے بعد جنوب مشرقی کیوبا اور بہاماس کے ساحلی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
ماہرین نے بتایا کہ سمندر کی سطح میں 9 سے 13 فٹ تک اضافہ ممکن ہے جو ساحلی بستیاں شدید متاثر کر سکتا ہے۔ امریکی موسمی ماہر اینڈریو کوزاک کا کہنا ہے کہ جمیکا کا پہاڑی علاقہ بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ کر سکتا ہے، اور یہ طوفان 1988 کے گلبرٹ ہریکین کے بعد سب سے طاقتور ثابت ہو سکتا ہے۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق جمیکا، ہیٹی اور مشرقی کیوبا میں 30 انچ (تقریباً ڈھائی فٹ) تک بارش ہونے کا امکان ہے جس سے شدید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
کیوبا کے صوبوں گرانما، سانتیاگو ڈی کیوبا, گوانتانامو اور ہولگوئن میں ہریکین وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جبکہ لاس تونس میں ٹراپیکل اسٹارم الرٹ نافذ ہے۔
ادھر گوانتانامو بے امریکی نیول اسٹیشن نے احتیاطی بنیادوں پر غیر ضروری اہلکاروں اور شہریوں کے انخلاء کا عمل شروع کر دیا ہے، جسے اتوار کی صبح تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔
امریکی حکام کے مطابق اگر میلیسا نے یہی شدت برقرار رکھی تو یہ سال 2025 کا سب سے طاقتور بحرِ اوقیانوس طوفان ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگلے دنوں میں جمیکا اور قریبی جزائر میں تباہ کن بارشیں، زمین کھسکنے کے واقعات اور شدید ہوائیں جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔
پورے کیریبین ریجن اور امریکا کے جنوبی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
سمندری طوفان میلیسا کیوبا اور امریکا کی جانب بڑھنے لگا، کیٹیگری 4 میں داخل، کیریبین خطے میں ہائی الرٹ
Comments are closed.