جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل کی طرف سے معاہدے کی 47 خلاف ورزیاں، 38 فلسطینی جاں بحق اور 143 زخمی
فوٹو : روئٹر
غزہ : غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل کی طرف سے معاہدے کی 47 خلاف ورزیاں، 38 فلسطینی جاں بحق اور 143 زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کے روز اسرائیلی فورسز نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں، جن کی تصدیق مقامی رہائشیوں اور اسرائیلی میڈیا نے بھی کی۔ ان حملوں نے امریکی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے پائیدار امن میں تبدیل ہونے کی امیدوں کو متاثر کیا ہے، جبکہ اسرائیل اور حماس ایک دوسرے کو معاہدے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق سیزفائر کے آغاز سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں 51 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ جنوبی غزہ کے شہر رفح کے رہائشیوں نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں، جب کہ خان یونس کے مشرقی علاقے عباسان میں بھی اسرائیلی ٹینکوں کی شدید گولہ باری رپورٹ ہوئی۔
عینی شاہدین کے مطابق رفح میں اسرائیلی فضائی حملوں کی ایک نئی لہر شروع ہوئی ہے۔ اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے حملوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور معاملہ فوج کے حوالے کر دیا، جبکہ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
شمالی غزہ کے جبالیا علاقے میں بھی ایک فضائی حملے کے نتیجے میں دو فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ حملے اس وقت کیے گئے جب مبینہ طور پر مسلح افراد نے اسرائیلی فورسز پر حملہ کیا، تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے دعویٰ کیا کہ حماس نے اسرائیلی کنٹرول والے علاقوں میں راکٹ اور اسنائپر حملے کیے جو جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب حماس کے سینئر رہنما عزت الرشق نے کہا کہ ان کی تنظیم جنگ بندی معاہدے پر قائم ہے اور الزام لگایا کہ اسرائیل متعدد بار معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل 47 بار معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے، جن میں 38 فلسطینی جاں بحق اور 143 زخمی ہوئے ہیں۔
Comments are closed.