آرمی ترمیمی ایکٹ 2020 قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آرمی چیف کی مدت ملازمت اور ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ترمیمی ایکٹ 2020 قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا ۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا تو 13 نکاتی ایجنڈے میں آرمی ترمیمی ایکٹ شامل نہیں تھا تاہم ایکٹ کو  سپلیمنٹری ایجنڈے کے طور پر  پیش کیا گیا۔

وزیرمملکت علی محمد خان کی وقفہ سوالات معطل کرنےکے لیے رولزمعطلی کی تحریک منظور کی گئی جس کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے آرمی ترمیمی ایکٹ 2020 پیش کیا۔

قومی اسمبلی میں پرویز خٹک نےپاکستان ائیر فورس ترمیمی ایکٹ 2020 اورپاکستان بحریہ ترمیمی ایکٹ 2020 بھی پیش کیا جس کے بعد تینوں بلوں کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھیج دیا گیا ہے.

قومی اسمبلی کا اجلاس مختصر سی کارروائی کے بعد کل صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق طے کیا گیا ہے قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس آج ہی طلب کرکے ان بلوں کو آج ہی کمیٹی سے منظور کرایا جائے گا۔

کل قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بلوں کو سینیٹ سے بھی منظور کرایا جائے گا، اپوزیشن اور حکومت نے گزشتہ روز آرمی ترمیمی ایکٹ کی منظوری پر اتفاق کیا تھا.

Comments are closed.