عمران خان نے پیٹرول پر غیرقانونی سبسڈی دےکر عوام کودھوکا دیا ،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہےسابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول پر غیرقانونی سبسڈی دےکر عوام کو دھوکا دیا ،مریم اورنگزیب کا کہنا تھا انھوں نے اپنی شکست دیکھ کر معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔

پریس کانفرنس میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھاموجودہ مہنگائی کےاعمال نامے دراصل عمران خان کی وجہ سے ہیں، ‏ہمارا فوکس صرف اور صرف مہنگائی کم کرنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام عمران خان کی اصلیت جان چکے ہیں، عمران خان اپنی نااہلی کا سوال چار ہفتے پرانی حکومت سے کر رہے ہیں، عمران خان نے نیب کو استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ خیبرپختون خوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر ہر جلسے میں استعمال ہو رہا ہے، عمران خان کس حیثیت میں سرکاری ہیلی کاپٹراستعمال کررہے ہیں؟

ان کا کہنا تھاحکومت نے عمران خان کو سیالکوٹ میں جلسہ کرنے سے نہیں روکا، تحریک انصاف والے پریس کانفرنس میں بھی جھوٹ بولتے ہیں، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ میں آرہا ہوں، آپ کو روک کون رہا ہے؟ ہم آپ کی تقریریوں سے نہیں ڈرتے، آپ کی نفرت انگیز تقاریر کا فائدہ ہمیں ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے کہاسیالکوٹ جلسے پرحکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں تھا، سیالکوٹ کا جلسہ پی ٹی آئی اور مسیحی برادری کا تھا، ڈی سی سیالکوٹ نے 9مئی کو کو آگاہ کر دیا تھا۔

تحریک انصاف کو مسیحی برادری کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے تھا، حکومت کا فرض ہے کہ مسیحی برادری کو ان کا حق دیاجائے، مسیحی برادری نے کل اور آج بھی احتجاج کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 سے 12 اپریل تک نالائق اور کرپٹ ٹولے نے آئین پر حملہ کیا، نالائق ٹولے نے دوست ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی تباہ کی، عمران خان کی غنڈہ گردی سے کوئی نہیں ڈرتا، خونی مارچ کرنا آپ کا جمہوری حق نہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہاعمران خان خونی مارچ کی کال دیں گے تو راناثنااللّٰہ کی عوام کو بچانےکی ذمہ داری ہے، ملک میں خونی مارچ کرنے کا کسی کو حق نہیں ۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نالائق ہیں جنہوں نے نوجوانوں سے نوکریوں کے حوالے سے جھوٹ بولا، عمران خان نے غیرقانونی سبسڈی دی، عمران خان نے غیرقانونی سبسڈی دے کر عوام کے ساتھ دھوکا کیا۔

انھوں نے کہا کہ آپ نے چارسال ملکی معیشت تباہ کی ہے، جب آپ کو پتا چل گیا کہ آپ کوشکست ہو رہی ہے توآپ نے غیرقانونی سبسڈی دی۔

آپ نے کہا تھا کہ آلو ٹماٹر کے ریٹ دیکھنے نہیں آیا، عمران خان آپ کوجھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، عمران خان آپ نے چینی برآمد کی، عمران خان کی معاشی تباہ کاریوں سے عوام کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا لندن دورے سے متعلق کہاکہ لندن میں مسلم لیگ ن کا نجی دورہ تھا، لندن دورے کے اخراجات مسلم لیگ ن نے خود برداشت کیے، لندن میں مسلم لیگ ن نے مہنگائی پر طویل مشاورت کی۔

دورہ لندن پر بہت قیاس آرائیاں ہوئیں، وزیراعظم شہباز شریف جلد قوم کو فیصلوں کے حوالے سے بتائیں گے، موجودہ حکومت آئینی مدت مکمل کرے گی۔

Comments are closed.