تحریک لبیگ کے نئے امیر کا علامہ خادم کا مشن جاری رکھنے کااعلان

فوٹو: فائل

لاہور(ویب ڈیسک )علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد علامہ سعد حسین رضوی تحریک لبیک پاکستان کے نئے امیر مقرر ہو گئے ہیں اورنئے امیر نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔

تحریک لبیک پاکستان کے نئے امیر کا اعلان مینار پاکستان گراونڈ میں علامہ خادم حسین رضوی کے نماز جنازہ کے اجتماع کے موقع پر کیا گیااسی اجتماع میں علامہ سعد حسین رضوی نے ٹی ایل پی کے نئے سربراہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

حافظ سعد حسین رضوی علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے ہیں اس سے قبل تحریک لبیک پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل تھے، انھیں
علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال کر جانے کے بعد یہ منصب دیاگیا ہے۔

بطور تحریک لبیک کے سربراہ ان کا پہلا بیان سامنے آیا ہے۔حافظ سعد رضوی کا کہنا ہے کہ گستاخی رسول کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ والد محترم علامہ خادم حسین رضوی کی نصیحت پر عمل کریں گے اور مرحوم کا مشن جاری رکھیں گے۔

واضح رہے علامہ خادم حسین رضوی جمعرات کو وفات پا گئے تھے جن کی نماز جنازہ آج مینار پاکستان لاہور میں ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

Comments are closed.