اسلام آباد ہائیکورٹ کی پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت

45 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی۔چیف جسٹس نے پی ٹی آئی وکیل کو ہدایت کی کہ صرف یہ خیال رکھیں کہ کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔ عدالت میں دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا، جو شرائط نارمل ہوتی ہیں وہ لگائیں اس میں کوئی حرج نہیں، آپ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کر لیں ، کوئی غیر معمولی شرائط عائد نہ ہوں جو سٹینڈرڈ ٹی او آر ہوتے ہیں اس کے مطابق اجازت دیں۔

تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم اب چھ اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، کل جو واقعہ ہوا ہے وہ تو ڈی سی کے جلسہ کی اجازت نہ دینے پر ہوا ہے، ہم ہر قسم کی شرائط کی پابندی کے لئے تیار ہیں۔

چیف جسٹس نے پی ٹی آئی وکیل کو ہدایت کی کہ صرف یہ خیال رکھیں کہ کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو۔ جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ پہلے والے چیف جسٹس بھی جلسے کی اجازت دیتے رہے ہیں، میں نے بھی آرڈرکیا ہے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز دہشتگردی کا ایک افسوسناک واقعہ بھی ہوا ہے، جس پر عدالت نے کہا زندگی رکتی تو نہیں ہے، چلتی رہتی ہے، ہم نے اسی طرح دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے ہدایات لینے کا وقت دے دیں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ آپ کی رضامندی نہیں مانگ رہا، فیصلہ میں نے کرنا ہے۔

بعدازاں عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔

Comments are closed.