صدر عارف علوی کا 2 صوبوں میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو خط

51 / 100

محمد اصغر خان

اسلام آباد: صدر عارف علوی کا 2 صوبوں میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو خط، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے الیکشن کی تاریخ کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے۔

صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کافوری اعلان کریں، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرے۔

صدرمملکت کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے صوبائی اور عام انتخابات سے متعلق قیاس آرائیوں کو ختم کیا جاسکے گا۔

خط میں صدر مملکت نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلیاں توڑنے کے 90 دن کے اندر الیکشن کرانے پر زور دیتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی اور لازمی فرض ہے، آئین کا آرٹیکل 218 (3) الیکشن کمیشن کو شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے، فرائض کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں الیکشن کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائیگا۔

Comments are closed.