پاکستان نے سپراوور میں بنگلادیش کو ہرا کر ایشیاء کپ رائزنگ اسٹار کا ٹائٹل جیت لیا

فوٹو : اسکرین شاٹ

دوحہ : پاکستان نے سپراوور میں بنگلادیش کو ہرا کر ایشیاء کپ رائزنگ اسٹار کا ٹائٹل جیت لیا، فائنل میں پاکستان شاہینز نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں بنگلادیش کو شکست دی، احمد دانیال نے بنگال ٹائیگرز کی فتح کا راستہ روک کر جیت گرین شرٹس کی جھولی میں ڈال دی.

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹرافی فاتح ٹیم کے کپتان کو دے دی، میچ میں شاندار پرفارمنس پر احمد دانیال بہترین کھلاڑی جبکہ معاذ صداقت ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو 126 رنز کا آسان ہدف دیا، بنگلادیش کی ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 125 رنز بنانے میں کامیاب رہی، یوں میچ سپر اوور مرحلے میں داخل ہو گیا۔

سپر اوور میں بنگلادیش اے نے پاکستان شاہینز کو 7 رنز کا ہدف دیا، اس دوران اس کے 2 کھلاڑی بھی آؤٹ ہوئے،پاکستان نے ہدف 4 گیندوں میں حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا، پاکستانی ٹیم نے تیسری مرتبہ ایشین ٹائٹل جیتا ہے۔

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز،بھارت کو سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے شکست دے دی

اس سے قبل پاکستان شاہینز نے بنگلادیش اے کو جیت کے لیے 126 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستان شاہینز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 125 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

پاکستانی شاہینز کے سعد مسعود نے 36، عرفات منہاس نے 25 اور معاذ صداقت 23 رنز بنائے جبکہ بنگلادیش کے ریپون منڈل نے 3، راکب الحسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

جواب میں بنگلادیش کی ٹیم شروع سے ہی پریشر میں نظر آئیم بیٹر وقفے وقفے سے وکٹیں پاکستانی بولرز کے حوالے کرتے رہے، جس کی وجہ سے ایک وقت آسان ہدف مشکل بن گیا۔

بنگلادیشی ٹیم کے 7 کھلاڑی صرف 53 رنز پر پویلین لوٹ گئے، یہی وہ موقع تھا، جب پاکستان کی جیت دکھائی دینے لگی تھی، لیکن راکب الحسن کے 24، عبدالغفار کے 16 اور ریپون منڈل کے 11 رنز کی بدولت میچ برابر ہو گیا۔

پاکستان کے سفیان مقیم نے 3، احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2، 2 اور معاذ صداقت اور سعد مسعود نے 1، 1 وکٹ حاصل کی جبکہ سپر اوور میں احمد دانیال نے مزید 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے بنگلادیش اے ٹیم کے کپتان اکبر علی نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کے عرفان خان نیازی کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان عرفان خان، یاسر خان، معاذ صداقت، محمد فائق، غازی غوری، سعد مسعود، عرفات منہاس، شاہد عزیز، سفیان مقیم، عبید شاہ اور احمد دانیال شامل تھے۔

بنگلادیشی ٹیم میں کپتان اکبر علی، ذیشان عالم، حبیب الرحمٰن سوہان، یاسر علی، راکب الحسن، مہدی السلام، ایس ایم مہروب، محفوظ الرحمٰن ربی، ریپون منڈل، عبدالغفار ثقلین اور مرتنجوائے چوہدری شامل تھے۔

ایشیا رائیزنگ اسٹار کی کامیابی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے الگ الگ بیان میں پاکستان شاہینز کو ایونٹ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔

Comments are closed.