ٹرائی نیشن سیریز،پاکستان زمبابوے کو 69 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
فوٹو : کرک انفو
راولپنڈی : ٹرائی نیشن سیریز،پاکستان زمبابوے کو 69 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا پاکستان کے اسٹار بیٹر بابراعظم اور صاحبزادہ فرحان کی ففٹیز کی بدولت پاکستان کی ٹیم بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی.
سیریز کے چوتھے میچ میں اب تک پاکستان نے 3 میچز کھیلے اور تمام میں فتح اپنے نام کی ہے جبکہ فائنل کی دوسری ٹیم کے لیے سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان فیصلہ ہونا باقی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 19 اوورز میں 126 رنز پر آوٹ ہو گئی، گرین شرٹس کے عثمان طارق نے ہیٹ ٹرک سمیت 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا ،محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے کی طرف سے میچ میں ریان برل نے کچھ مزاحمت کی، وہ نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے 67 رنز کی ناقابلِ شکست باری کھیلی، اس دوران 8 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کی طرف سے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 195 رنز بنائے تھے۔
قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے 74 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 52 گیندوں کا سامنا کیا، 7 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے 63 رنز بنائے، یہ اُن کی سیریز میں لگاتار دوسری نصف سنچری ہے، انہوں نے 41 گیندیں کھیلیں اور 4 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔
بابر اعظم اور صاحبزادہ فرحان نے دوسری وکٹ پر 103 رنز کی شراکت بھی قائم کی، دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 13، فہیم اشرف 3 اور محمد نواز 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان سلمان علی آغا 1 اور فخر زمان 10 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے، سکندر رضا نے 2 پاکستانی بیٹرز کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، نسیم شاہ اور عثمان طارق کو سلمان مرزا اور ابرار احمد کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا، آج کے میچ کے لیے زمبابوے کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی۔
Comments are closed.