عمران خان تمہیں آخری دفعہ کہہ رہا ہوں حرکات سے باز آجاو، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی شیخ رشید کو خونی مارچ کا بیان واپس نہ لینے کی صورت میں گھر سے نہ نکلنے دینے کی دھمکی، سابق وزیراعظم کو کہا عمران خان تمہیں آخری دفعہ کہہ رہا ہوں حرکات سے باز آجاو، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا انتباہ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان فرخ گوگی کے وکیل بنے ہوئے ہیں، عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم بھی فرح گوگی کے لیے رکھی تھی، گوگی پر الزامات کی انکوائری ہو رہی ہے اس کے بعد کارروائی کی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہافرح گوگی کو بیرون ملک سے ریڈ وارنٹ کے ذریعے بھی واپس لانا پڑا تو لائیں گے، عثمان بزدار تو صرف نام کا وزیراعلی تھا، اصل میں تو فرح گوگی تھی۔

سابق وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان لوگوں اور کارکنوں کو گمراہ کررہے ہیں، انہیں بدتمیزی سکھا رہے ہیں، میں عمران خان کو آخری دفعہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر تم اس طرح کی حرکات سے باز نہ آئے تو جو تم کرو گے اس کا سامنا تم لوگوں کو بھی کرنا پڑے گا۔

ہمارے کارکن تمہارے برگر یوتھیوں کی درگت بنادیں گے

رانا ثنااللہ نے کہا کہ تمہارے کارکنوں نے دوسرے سیاست دانوں کو برا بھلا کہا تو ہمارے کارکن تمہارے برگر یوتھیوں کی درگت بنادیں گے، انھوں نے دبے الفاظ میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں کسی کے ساتھ بد تمیزی ہوئی تو دوسرے کارکن بھی یہی کریں گے۔

وزیر داخلہ نے بعد میں توپوں کا رخ سابق وزیر داخلہ کی طرف موڑتے ہوئے کہاشیخ رشید کے خونی لانگ مارچ سے متعلق بیان پر کہا کہ یہ لوگ اسی طرح انارکی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

شیخ رشید کو پنڈی کا شیطان کہہ کر وزیر داخلہ نے کہا ایک طرف تو کہتا ہے کہ جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی زیور ہے، دوسری طرف ضمانتیں کرواتا پھرتا ہے، اس نے ہائی کورٹ سے ضمانت کیوں کروائی، تم کہتے ہو لانگ مارچ خونی ہوگا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر تم نے اپنا بیان واپس نہ لیا، اس پر معذرت نہ کی اور اسے پرامن لانگ مارچ نہ کہا تو میں تمہیں گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، حکومت کو یقین دہانی کراؤ کہ لانگ مارچ پر امن ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ شیخ رشید لوگوں کو آگ لگانے پر اکسا رہے ہیں، اگر آگ لگانی ہے توتم اپنے آپ کولگاؤ، انارکی اور افراتفری کی منصوبہ بندی کروگے تو ایک قدم گھر سے باہر نکلنے نہیں دوں گا۔

رانا ثناء اللہ منشیات برآمد کیس میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے

اس سے قبل وزیر داخلہ جو کہ منشیات برآمد کیس میں ملزم بھی ہیں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت لاہور میں پیش ہوئے، اے این ایف کی پراسکیوشن ٹیم نے رانا ثناء اللہ کے شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں کی مخالفت کی ۔

پراسکیوشن ٹیم کا موقف تھا کہ ملزمان سے منشیات برآمد ہوئی جو قانونی طور جرم ہے، ملزم پر فرد جرم عائد کی جائے، سہولت کار بھی جرم کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، ملزمان کیخلاف 15 عینی شاہدین ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کیس میں مستقل حاضری معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے اپنی جگہ نمائندہ مقرر کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے مستقل حاضری معافی کی درخواست پر اے این ایف کو نوٹسز جاری کردیے۔

اس موقع پرشریک ملزموں کے وکیل نے عدالت سے دلائل کے لیے مہلت مانگ لی، جس کے بعد عدالت نے 21 مئی تک سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے رانا ثناء اللہ سمیت پانچ ملزمان پر پندرہ کلو منشیات کا مقدمہ اے این ایف نے درج کیا تھا ، لاہور ہائیکورٹ نے رانا ثناء اللہ کی درخواست ضمانت بعدازگرفتاری منظور کررکھی ہے۔

0Shares

Comments are closed.