علیم خان راوی پر 300 ایکڑ زمین لیگل نہ کراسکنے پر ناراض ہوئے، عمران خان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ن لیگ کی سازش اور افغان صورتحال، اسی لئے چاہتا تھا انٹیلیجنس سربراہ تبدیل نہ ہو، عمران خان نے کہا انہیں گزشتہ سال جولائی میں پتا چلنا شروع ہو گیا تھا.

عمران خان نے ایک پاڈ کاسٹ انٹرویو میں کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ انٹیلی جنس چیف سردیوں میں تبدیل نہ ہو، کیونکہ افغانستان میں خانہ جنگی کی سی صورتحال پیدا ہو رہی تھی.

سابق وزیراعظم عمران خان نے پہلی بار جہانگیر ترین اور علیم خان کے ساتھ اختلافات پر بھی کھل کر بات کی، اور بتایا کہ میں ماضی کے حکمرانوں کی طرح نہیں چلنا چاہتا تھا.

ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات پاکستان پر ہوئے بھی اور افغانستان آزاد ہونے کے بعد کئی فوجی شہید ہوئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے انٹرویو میں کہا کہ علیم خان راوی پر 300 ایکڑ زمین خرید کر لیگل کرانا چاہتے تھے اور انہیں توقع تھی کہ اسے لیگل کرانے میں عمران خان ان کی مدد کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ علیم خان راوی پر 300 ایکڑ زمین لیگل نہ کراسکنے پر ناراض ہوئے، عمران خان نے کہا اسی معاملے پر ہی علیم خان اور ان کے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں۔

عمران خان نے کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اٹھانا تھاجہانگیر ترین سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’ان کا مسئلہ چینی بحران تھا جس پر کمیشن بھی بنایا گیا۔

جہانگیر ترین ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہو گئے جو ملک کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، شوگر مافیا پر انکوائری بٹھائی تو جہانگیر ترین سے اختلافات ہو گئے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ اداروں میں کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہیں، ہمارے اداروں میں وہ لوگ بیٹھے ہیں جو ان کا ساتھ دیتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے ہم کوئی قانون سازی نہیں کر سکتے تھے، آئندہ پارلیمنٹ میں اکثریت ملے گی تو ہی اقتدار میں آؤں گا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا امریکہ کو اب پاکستان میں جی حضوری کرنے والے مل گئے ہیں، امریکہ کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار لوگ مارے گئے، آزاد خارجہ پالیسی کا مطلب اینٹی امریکہ نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ میں 60 فیصد لوگ اس وقت ضمانت پر ہیں۔ شہباز شریف کا 16 ارب روپے کا اوپن اینڈ شَٹ کیس ہے۔ شریف خاندان یا ضمانت پر ہے یا سزا یافتہ ہے۔ ان کو قوم پر مسلط کر دیا گیا.

انھوں نے کہا میں نے کبھی عدلیہ کے ادارے میں مداخلت نہیں کی لیکن 20، 25 کروڑ روپے لے کر جنھوں نے حکومت گرائی، ابھی تک کسی عدالت نے ان کے خلاف ایکشن نہیں لیا۔ جن لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا۔

عمران خان نے کہا ہم الیکشن ہار بھی جائیں تو ان کو ٹکٹ نہیں دیں گے جو ذاتی مفاد کے لیے سیاست میں آتے ہیں، ہمارا سسٹم ایسا بنا ہوا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے چلتے ہیں، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتے پکڑا گیا لیکن اس کو چھوڑ دیا گیا۔

Comments are closed.