ہلال احمر نے کورونا ویکسین کی 2 لاکھ خوراکیں عطیہ کر دیں

56 / 100

اسلام آباد(وقار فانی سے )ہلال احمر نے کورونا ویکسین کی 2 لاکھ خوراکیں عطیہ کر دیں، ہلال احمر  پاکستان  نے کوویڈ19 مہم کے تحت، قومی توسیعی پروگرام برائے امیونائزیشن (ای پی آئی ) کے ذریعے حکومت پاکستان کو سائنو فارم  ویکسین کی  دو لاکھ خوراکیں حوالے کیں۔

ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز نے گزشتہ روز  منعقدہ ایک سادہ تقریب کے دوران نیشنل پروگرام منیجرای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ کو ویکسین کی کھیپ حوالے کی۔

ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ موومنٹ کی دیرینہ اقدار اور اصولوں کے مطابق پاکستان کی عوام کے لیے اس قیمتی عطیہ کو استعمال کرنے کے لیے ہلال احمر پاکستان کو  ویکسین کی کھیپ گزشتہ ہفتے ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ سے موصول ہوئی تھی۔

ہلال احمر روز اول سے کمیونٹی کی سطح پر صحت عامہ کے حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے کو فروغ دے کر کورونا وائرس  کے پھیلاو اور منتقلی کو کم کرنے کی ملک گیر آگاہی مہم میں مصروف ہے.

اس موقع پر ذرائع ابلاغ کو جاری کردہ اپنے بیان میں چیئرمین ہلال احمر پاکستان جناب ابرار الحق کا کہنا تھا کہ ہلال احمر کا کا تعاون صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے فروغ اور عوام کو بہترین ممکنہ علاج کی فراہمی کے لئے حکومت کی مسلسل کوششوں کو تقویت بخشے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہلال احمر کی ٹیمیں ایک مضبوط، ہم آہنگ ردعمل کیساتھ ملک میں کوویڈ19 کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے قومی ادارہ جاتی کوششوں میں شاندار حصہ ڈالنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔

ابرار الحق نے کہا یہ مبنی برحقیقت ہے کہ اس  مہلک وبا سے لڑنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔لوگوں کو ذمہ داری کے ساتھ ویکسی نیشن کے لئے اپناکردار ادا کرنا چاہیے۔ اور اس وباء سے مکمل طور پرگلو خلاصی کے لیے ہر فرد کو اولین ترجیح کے ساتھ ویکسین لگوانی  چائیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنا  وطن عزیزمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہلال احمر پاکستان اور ہلال حمر چائناکے درمیان تعاون اور اشتراک آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گا۔

انہوں نے شاندار الفاظ میں  وبائی مرض پر قابو پانے کی جاری کوششوں میں ہلال احمرچائنا کی مسلسل حمایت  اور دیگر موومنٹ پارٹنرز بالخصوص آئی سی آر سی،آئی ایف آر سی  اور نیشنل پارٹنرز سوسائیٹیز کے تعاون کو بھی سراہا۔

چیئرمین ہلال احمر جناب  ابرار الحق نے اس امر کا اظہا ر کیا کہ موجودہ وبائی صورتحال میں ہلال احمر نے  متعدد نتیجہ خیز اقدامات  اٹھائے۔ لاک ڈاؤن کے دوران متاثرہ  لوگوں کی مدد کے لیے محافظ فورس قائم کی گئی.

جدید ترین ریڈ کریسنٹ کورونا کیئر ہسپتال بنایا گیا. اس اسپتال سے لاکھوں لوگ شفایاب ہوئے اور حکومت نے  بعد ازاں اسے ماس ویکسی نیشن سینٹر کا درجہ دیا جہاں ویکسی نیشن کا عمل بطریق احسن جاری ہے.

Comments are closed.