معروف اداکارہ نائلہ جعفری کو سپرد خاک کردیاگیا


کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام )معروف اداکارہ نائلہ جعفری کی ڈیفنس فیز ٹو میں نماز جنازہ اداکرنے کے بعد کالا پل کے قریب قبرستان میں سپرد خاکردیاگیا۔

اداکارہ نائلہ جعفری ہفتے کی شام انتقال کرگئیں، وہ 2016 سے عرصے سے کینسر جیسی مہلک بیماری میں مبتلا تھیں، کچھ عرصہ قبل ان کا کیموتھراپی بھی ہوا جب کہ اس دوران وہ کئی مرتبہ اسپتال میں داخل بھی ہوئیں۔

نائلہ جعفری نے پی ٹی وی پر ڈرامہ نویس اشفاق احمد کی ڈرامہ سیریز ایک محبت سو افسانے کے کھیل چنگھاڑ سے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ ڈرامہ سیریل موسم، لمحہ لمحہ زندگی، کہانی ایک رات کی، اک کسک رہ گئی، تھوڑی سی خوشیاں اورعکس سمیت کئی ڈراموں میں کردارنگاری کی۔

نائلہ جعفری کو 2011 میں ناپا کے اسٹیج ڈرامہ بیگم جان میں اداکاری سے کافی پذیرائی ملی،اداکاری کے علاوہ نائلہ جعفری فیشن ڈیزائنر اور بوتیک بھی چلارہی تھیں، حال ہی میں نائلہ جعفری کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

ویڈیومیں نائلہ نے فنون لطیفہ سے وابستہ افراد اورمخیر حضرات سے علاج معالجے کیلئے امداد کی اپیل کی تھی جب کہ سندھ حکومت کی طرف سے ان کے علاج کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

صدر آر ٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اداکارہ نائلہ جعفری کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی نائلہ جعفری کے انتقال پر گہرے دکھ میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نائلہ جعفری پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی زبردست اداکارہ تھیں،شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے بھی ان کی موت پر افسوسس کااظہارکیاہے۔

Comments are closed.