پشاور زلمی اسلام آباد کو ہرا کر پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

فوٹو: پی سی بی

ابوظہبی ( خان افسر )پشاور زلمی کی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کو 8وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں پہنچ گئی جہاں24جون کو اس کا ملتان سلطانز سے ٹرافی کے حصول کیلئے مقابلہ ہو گا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ، بد قسمتی پہلے ہی اوور میں یونائٹیڈ کے آڑھے آئی جب کولن منرو کا کھیلا گیا شاٹ شعیب ملک سے پاوں سے لگ کر وکٹوں سے جا ٹکرایا۔

نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑے عثمان خواجہ بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوگئے،اگلے ہی اوور میں محمد عرفان نے وکٹ کیپر محمد اخلاق کو چلتا کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلادی ،دو وکٹیں گرنے کے بعد کولن منرو کا ساتھ دینے برینڈن کنگ آئے۔

کولن منرو اور برینڈن کنگ نے 56 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی تاہم اس موقع پربرینڈن کنگ نے کیچ ڈراپ ہونے کے بعد پہلے عماد بٹ کو چھکا لگایا پھر 18رنز پر عماد بٹ کی وکٹ بن گئے۔

کولن منرو 44 رنز کی اننگز کھیلی، کامران اکمل وکٹوں کے عقب میں ان کا آسان کیچ نہ پکڑ سکے لیکن ایک گیند بعد ہی عرفان نے کامران کی ہی مدد سے انہیں آؤٹ کردیا۔

یونائیٹڈ کو98رنز پر پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب افتخار احمد 10 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہو گئے،شاداب خان حسب سابق صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ آصف علی کی اننگز بھی 8 رنز تک محدود رہی، فہم اشرف بھی ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کی 110 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ٹیم ایک سوبیس تک آوٹ ہو جائے گی لیکن حسن علی نے کریز پر آتے ہی چوکے چھکوں کی بارش کردی،انھوں نے 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنزبنائے۔

محمد وسیم نے بھی17 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایااور اس دوران انھوں نے بھی دو چھکے مارگے جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری 4 اوورز میں 64 رنز بنائے اور مقررہ اوورز میں 174 رنز بنا لئے۔

اسلام آباد یونائٹیڈ بیٹنگ کے بعد باولنگ میں بھی جدو جہد کرتی نظر آئی اور پہلے ہی اوور میں حسن علی نے دو نوبال کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور پہلے اوور میں 15 رنز دے دیئے تاہم اوور کی آخری گیند پر کامران اکمل غلط شاٹ کھیلتے ہوئے کلین بولڈ ہو گئے۔

کامران اکمل کے آوٹ ہونے کے بعد حضرت اللہ زازئی اور جوناتھن ویلز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 رنز کی شراکت قائم کر کے یونائیٹڈ کو میچ سے باہر کردیا۔

اس دوران حضرت اللہ زازئی کا وکٹ کیپر اخلاق نے حسن علی کی بال پر ایک کیچ بھی چھوڑا ، میچ جیتنے کے قریب پہنچ کر زازئی 4 چھکوں اور چھ چوکوں سے مزین 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 10 گیندوں پر 32 رنز کی باری کھیل کر اپنی ٹیم کو 19 بالز قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا،آسٹریلیا سے آئے جوناتھن ویلز نے 43 گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے.

گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ افغان پلیئر حضرت اللہ زازئی اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف بھی شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں،پشاور زلمی: وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، جونو ویلز، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، عمید آصف، محمد عرفان، محمد عمران۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خاب(کپتان)، عثمان خواجہ، کولن منرو، برینڈن کنگ، افتخار احمد، آصف علی، محمد اخلاق، حسن علی، محمد وسیم، فہیم اشرف اور عاکف جاوید۔

0Shares

Comments are closed.