پاکستان اوپر جائے گا آئندہ حکومت بھی ہماری ہو گی، وزیراعظم

زیارت : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف ہماری لڑائی جاری رہیگی اور ہم انہیں بلوچستان میں امن و ترقی تاراج کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

وزیراعظم عمران خان نے قائداعظم ریزیڈنسی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب بلوچستان میں ہمارے سپاہیوں پر دہشتگرد حملے کے نتیجے میں 4 جوان شہید اور 8 زخمی ہوئے، جس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے بلوچستان کو اپنا سمجھا ہے یہ پہلا موقع ہے جب بلوچستان میں ترقیاتی مںصوبوں پرپیسہ خرچ ہورہا ہو۔ معاشی مشکلات کے باوجود بلوچستان کو فنڈز دیئےگئے، ہمارا ملک اب مشکل وقت سےنکل چکا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک مشکل دور سے نکل رہا ہے، ہماری حکومت آئی ہی تھی کہ مخالفین نے ناکامی کا شور مچادیا اور پوری قوم سے کہتے رہے کہ ملک اور معیشت تباہ ہوگئی کیونکہ حکومت اس معاشی بحران میں کامیاب ہوجاتی تو ان کی سیاسی دکانیں بند ہوجائیں گی، اپوزیشن چاہتی تھی کہ حکومت ناکام ہو۔

انہوں نےکہا کہ پچھلے سال شرح نمو 0.5 تھی لیکن گزشتہ ہفتے شرح نمو 4 فیصد سے زائد ہوگئی تو اپوزیشن مانتی نہیں اور کہہ رہی ہے یہ نمبرز ٹھیک نہیں۔ یہ لوگ حکومت گرانے کی تاریخیں دیتے رہتے ہیں، مجھے ڈر ہےکہ اپوزیشن خود ایک ساتھ ہے یا نہیں۔

وزیراعظم نے کہا جس قوم نے ترقی کی اس کے لیڈر ملک میں ہی رہے، لندن میں محل خرید نے سے قوم ترقی نہیں کرسکتی، ماضی میں ہمارے حکمرانوں کی عیدیں، گھر ،جائیدادیں سب ملک سے باہر تھیں، یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ ملک کا پیسہ چوری ہو اور ملک ترقی کرے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خوشخبری ہے کہ ہمارا ملک مشکل وقت سے نکل گیا ہے ، مخالفین پوری قوم سے کہتے رہے کہ ملک تباہ ہوگیا ،معیشت تباہ ہوگئی ، جی ڈی پی گروتھ کے نمبر ز آئے تو اپوزیشن نے کہا یہ نمبرز ٹھیک نہیں.

عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری جب اگلی حکومت آئے گی تو پاکستان اور اوپر جائے گا ، سابق حکومت بھاری قرضے چڑھا کر گئی ، ہم نے سخت مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کو درست کیا ، اگلے سال شرح نمو میں مزید اضافہ ہوگا.

انھوں نے کہا کہ میں پریشان ہوں اپوزیشن والوں کے لئے جو بچارے بہت مشکل میں پڑے ہوئے ہیں ، حکومت گرنے کے لئے تاریخ پہ تاریخ دئیے جا رہے ہیں ، مجھے ان پر بہت ترس آتا ہے۔

اس سے پہلے وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے ، وزیراعظم کے ہمراہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری‘ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور دیگر بھی ہمراہ تھے.

کوئٹہ ائیر پورٹ پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان‘چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا‘ صوبائی وزراء‘ اراکین اسمبلی نے استقبال کیا وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ اور زیارت کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے.

Comments are closed.