امریکی وزیرخارجہ کاآرمی چیف سےرابطہ، ایرانی جنرل کی ہلاکت کابتایا

فوٹو : فائل

واشنگٹں (ویب ڈیسک )امریکی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعدامریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ، بغداد میں امریکی اقدام سے متعلق آگاہ کیا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹوئٹر پر بتایا کہ میں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل باجوہ سے رابطہ کیا ہےاور انھیں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے متعلق آگاہ کیا۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں امریکی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ ایران خطے میں صورتحال کو کشیدہ کر رہا ہے۔ ہم امریکی مفادات، اہلکاروں، تنصیبات اور شراکت داروں کا تحفظ کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ نے روس اور فرانس کے ہم منصب اور افغان صدر کو بھی ٹیلیفون کیا اپنی اپنی مختلف ٹویٹس میں مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران، عراق سمیت پورے خطے میں پراکسی وار میں ملوث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی پراکسی وار کے مرکزی کردار تھے، ہم نے ایران کو بتا دیا کہ مزید امریکیوں کا قتل برداشت نہیں کریں گے۔

پومپیو نے کہا ایران کی جانب سے کسی بھی طرح کے ردعمل کے لیے تیار ہیں۔ قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد خطے میں امریکی پہلے سے زیادہ محفوظ ہو گئے ہیں۔ دنیا کو باور کرنا چاہتے ہیں کہ امریکا کے خلاف خطرناک حملے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

دوسری طرف پاکستانی دفتر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے علاقائی امن واستحکام کو سنگین خطرہ ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ خود مختاری اور سالمیت کا احترام اقوام متحدہ چارٹر کے بنیادی اصول ہیں۔ یکطرفہ اقدامات اور طاقت کے استعمال سے گریز بہت اہم ہے۔

پاکستان نے تمام فریقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لئے تعمیری رابطے اور سفارتی چینل استعمال کریں۔ فریقین اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملہ حل کریں۔

Comments are closed.