پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے کھل گئے ، سری لنکن ٹیم کا اعلان


فوٹو : فائل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سری لنکا نے 10سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کےلیے اپنے 15 رکنی مضبوط اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی آئندہ ماہ پاکستان میزبانی کرے گا.

2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو تھے اور اس کے بعد سے اب تک پاکستان نے کسی ٹیسٹ میچ کی میزبانی نہیں کی۔

  پاکستان نے اس دوران اپنے تمام ٹیسٹ میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے لیکن پاکستان اور سپر لیگ کے ذریعے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار ہوئی اور ملک میں محدود اوورز کی کرکٹ کے ذریعے انٹرنیشنل ٹیموں کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔

سری لنکا کی ٹیم کو ابتدائی طور پر رواں سال ستمبر اکتوبر میں پاکستان سے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی تھی لیکن پاکستان کی جانب سے میچز کے ملک میں انعقاد اور نیوٹرل وینیو پر نہ کھیلنے کے اعلان کے بعد سیریز کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا تھا۔

دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے پہلے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور سری لنکا نے محدود اوورز کی سیریز کے لیے ٹیم پاکستان بھیجی تھی ۔

سری لنکا کے 10 اہم اور سینئر کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان پر جانے سے انکار کردیا تھا اور سری لنکا نے قدرے ناتجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ پاکستان بھیجا تھا۔

نوجوان سری لنکن ٹیم کا یہ دورہ توقع سے زیادہ کامیابی رہا تھا جسے ون ڈے سیریز میں تو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا لیکن ٹی20 سیریز میں مہمان ٹیم نے عالمی نمبر ایک پاکستان کو 0-3 سے کلین سوئپ کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

جاتے ہوئے لنکن کھلاڑیوں نے پاکستان میں سیکیورٹی اور ماحول کو کھیل کے لیے شاندار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے سینئر کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کریں گے.

سری لنکن کرکٹرز نے اپنے اس وعدے کا پاس رکھا اور دورہ پاکستان کے بارے میں ان سے بہترین احوال سننے کے بعد سینئر کرکٹرز بھی پاکستان آ کر ٹیسٹ میچ کھیلنے پر راضی ہو گئے۔

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں تمام اہم کھلاڑی شامل ہیں۔

اس سیریز کے لیے فاسٹ باؤلر کاسن رجیتھا کے سوا سری لنکن ٹیم کے تقریباً تمام کھلاڑی وہی ہیں جنہوں نے نیوزی لیںڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کی تھی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اکیلا دھننجیا نے شرکت کی تھی لیکن غیرقانونی باؤلنگ ایکشن کے سبب ان پر ایک سال کی پابندی عائد ہے لہٰذا وہ اس سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

مہمان سری لنکن ٹیم کی قیادت دمتھ کرونارتنے کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اوشادا فرنینڈو، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دنیش چندیمل، کوشل پریرا(وکٹ کیپر)، لہیرو تھری مانے، دھننجیا ڈی سلوا، نروشن ڈکویلا، دلرووان پریرا، لاستھ ایمبل دینیا، سورنگا لکمل، لہیرو کمارا، وشوا فرنینڈو، کاسن رجیتھا اور لکشن سنداکن شامل ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 19دسمبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔

Comments are closed.