پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا

50 / 100

فوٹو: آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا عزم کیا کہ پاکستان کی علاقائی خود مختاری کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا.

نگران وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ اوروزیراعظم آزادکشمیر انوارالحق کے ہمراہ آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، کشمیری بھائیوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا.

انھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے اور یک طرفہ قوانین سے کشمیریوں کی آزادی کی جدو جہد کودبا نہیں سکتا، آرمی چیف نےپاکستان میں بھارتی دہشت گردی کی شدید مذمت کی.

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مظفر آباد میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

کشمیریوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قومی قیادت نے عزم کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا.

آرمی چیف جنرل نے ساریان سیکٹرمیں لائن اف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی، سپہ سالار نے آپریشنل تیاریوں، جوانوں کے اعلیٰ حوصلے کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا پاکستان کی علاقائی خودمختاری کی کسی بھی جارحیت یا خلاف ورزی کا بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، پاکستانی فوج خطرے کے مکمل اسپیکٹرم سے بخوبی واقف ہے اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

سپہ سالار نے پاکستان میں ہندوستانی ریاست کی سرپرستی میں دہشت گردی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی قوانین کے خلاف بھارتی اقدامات اور دہشت گردی کے خلاف دنیا کے بہت سے ممالک بھی آواز اٹھا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے عزم کیا کہ پاکستان ایسی تمام بھارتی کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔

Comments are closed.