ارطغرل ڈرامہ کے اداکاروں کی ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کی اپیل

53 / 100

انقرہ: ارطغرل ڈرامہ کے اداکاروں کی ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کی اپیل،ارتغل کے نام سے مشہور تُرک اداکار انگین آلتان سمیت اداکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے الگ الگ پیغامات میں اپیلیں کی ہیں.

تُرک اداکار انگین آلتان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ملک ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے زلزلے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں ترکی کے جلد اس مشکل وقت سے نکلنے کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ارطغرل کی حلیمہ سلطان یعنی اسرا بیلگیچ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ان متعلقہ اداروں کے نمبرز اور تفصیلات شیئر کی ہیں جوکہ ترکیہ میں متاثرین کی مدد کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔

اسی طرح ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ترگت الپ کا اہم کردار ادا کرنے والے اداکار جینگیز جوشقون نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر زلزلے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

تُرک اداکارہ گلسم علی عرف اصلحان خاتون نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پر ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے لیے دعا کی۔

پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کو پہنچنے والے تُرک اداکار جلال آل عرف عبدالرحمٰن غازی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں کے دلخراش مناظر کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’یہاں بہت سردی ہے اور برف باری ہو رہی ہے‘۔ اُنہوں نے لکھا کہ’اللّٰہ تعالیٰ ہلا ک ہونے والوں کی بخشش فرمائے اور زخمیوں کو شفا دے‘۔

اداکار بوراک اوزچیوت عرف عثمان بے نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پر زلزلے کے متاثرین کے لیے دعا کی.

ترک اداکارہ اوزگے گوریل نے اپنی انسٹا اسٹوری پر زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ہم ایک بھیانک خواب سے خوفزدہ ہوکر جاگے ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اللّٰہ تعالیٰ ہمیں صبر دے اور ہماری اس مشکل گھڑی سے نکلنے میں مدد کرے تاکہ ترکیہ جلد صحتیاب ہوجائے‘۔

اوزگے گوریل نے متاثرین کی مدد کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ان متعلقہ اداروں کے بارے میں تفصیلات بھی اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں جوکہ اس وقت ترکیہ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

اداکارہ اوزگے تورے عرف بالا خاتون اور کئی دیگر ترک اداکاروں نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے مداحوں سے اپیل بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں آئے 7 اعشاریہ 9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، دونوں ممالک میں کم و بیش 5 ہزار 600 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔

Comments are closed.