ہمیں بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری اپنانے کی اشد ضرورت ہے،وزیراعظم

47 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے الیکٹرک بائیکس کے حوالے سے ایک تفصیلی پلان اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری اپنانے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہمیں اپنے رویے اور اطوار بدلنے کی فوری ضرورت ہے۔

 

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کمرشل ٹرانزیکشن ایکٹ کی منظوری دے دی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر ملک بھر میں قائم اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشنز کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنے کے لیے وَن سٹاپ سروس ایکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر تاج فیلڈ (میر پور خاص بلاک) کو تجارتی حیثیت کے لیے 14.11 اسکوئر کلومیٹر پر محیط ایریا کوکمرشل بنیادوں پر ڈیکلیئرکرنے اور اس بلاک کو 5 سال کے لیے ترقیاتی اور پیداواری لیز کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں ہونے والے اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔جبکہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے سینئر پارلیمنٹیرین چوہدری اشرف کو 53 سالہ پرانے کیس میں گرفتا ر کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

کابینہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا۔

کابینہ نے دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پرسیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کیے گئے ”مجوزہ توانائی بچت پلان“ پر بحث کی۔

اجلاس کو مذکورہ توانائی بچت پلان کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہوئی اب تک کی کی گئی مشاورت پر بریفنگ دی گئی۔اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ صو بائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ”مجوزہ توانائی بچت پلان“ کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری اپنانے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہمیں اپنے رویے اور اطوار بدلنے کی فوری ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا ایندھن کی مد میں امپورٹ بل میں کمی کے لیے توانائی بچت پلان پر عمل درآمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے وزیر توانائی کو پاکستان میں ونڈ پاور کی استعداد سے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ کابینہ میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی وزیراعظم نے سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت کو 30 فیصد کم کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کردی جس میں وفاقی وزیر توانائی،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، وزیر مملکت برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل اور متعلقہ سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ اطلاعات اور نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنورزیشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں ایک آگاہی مہم بھی تیار کرلی گئی ہیوفاقی کابینہ کو وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے الیکٹرک بائیکس کے استعمال کو ملک بھر میں عام کرنے کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کو مرحلہ وار الیکٹرک بائیکس سے تبدیل کیا جائے گا۔ اس وقت پاکستان میں 90 کمپنیاں موٹر سائیکلز اور آٹو رکشاز بنا رہی ہیں اور ملک میں سالانہ 6 ملین موٹر سائیکلز بنانے کی سہولت موجود ہے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں 22 کمپنیوں کو الیکٹرک بائیکس (E-Bikes) بنانے کے لائنسنز جاری کیے جاچکے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ الیکٹرک بائیکس کے استعمال سے نہ صرف ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ یہ ماحول دوست الیکٹرک بائیکس کاربن کے اخراج میں کمی کا باعث بھی بنیں گی۔

Comments are closed.