گوانتانامو بے جیل میں 17 سال سے قید پاکستانی شہری رہا

46 / 100

فوٹو:سوشل میڈیا

اسلام آباد: امریکہ کی گوانتانامو بے جیل میں 17 سال سے قید پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھر کراچی پہنچ گئے، انہیں 2003 میں بنکاک ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گوانتانامو بے جیل میں قید پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو رہا کر دیا گیا، گوانتانامو بے جیل سے رہا ہونے کے بعد سیف اللہ پراچہ پاکستان پہنچ گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے سیف اللہ پراچہ کی وطن واپسی کے لیے وسیع انٹر ایجنسی عمل مکمل کیا، خوشی ہے بیرون ملک زیر حراست پاکستانی شہری بالاآخر اپنے خاندان سے مل گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیف اللہ پراچہ کو امریکی سی آئی اے نے جولائی سنہ 2003 میں بنکاک ایئر پورٹ سے حراست میں لیا تھا۔

بعد ازاں انہیں افغانستان کے بگرام ایئر بیس پر منتقل کیا گیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ انہیں القاعدہ کو معاونت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

حراست میں لیے جانے کے بعد ستمبر 2004 تک سیف اللہ پراچہ کو افغانستان میں بگرام کے فضائی اڈے پر واقع حراستی مرکز میں قید رکھا گیا اور پھر گوانتانامو بے کی امریکی جیل منتقل کر دیا گیا۔

گوانتا نامو میں وہ 17 سال تک قید میں رہنے والے واحد قیدی تھے جن پر نہ تو کوئی فرد جرم عائد کی گئی ہے اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلایا گیا، ان کی اپنے گھر واپسی اب 19 برس بعد ہو رہی ہے۔

Comments are closed.