انسانی خدمت کی امین۔۔ہلال احمر کی نئی قیادت

46 / 100

وقار فانی مغل

درویش قناعت پسند ہوتے ہیں۔ انہیں اس حقیقت کا احساس ہوتا ہے کہ انسانیت کی خدمت کسی بھی عبادت سے کم نہیں ہو سکتی۔درویشوں کے دلوں میں انسانیت کے لئے ہمدردی ہوتی ہے اور وہ کوشش کرتے ہیں کہ لوگوں کے دکھ کم اور سکھ زیادہ کریں۔ وہ خدمت خلق میں امیر غریب، چھوٹے بڑے کی تمیز نہیں کرتے۔ وہ انسان دوست ہوتے ہیں اس لیے ان سے دوسرے انسانوں کا دکھ نہیں دیکھا جاتا۔وہ مادہ پرستی سے کوسوں دور ہوتے ہیں۔

ایسی ہی ایک نابغہ روزگار شخصیت ”سردار شاہد احمد لغاری“ رواں برس کے نویں مہینے کے پہلے ہفتہ میں ہلال ِاحمر پاکستان کے نئے چیئرمین کاچارج سنبھالتی ہے۔وہ کارپوریٹ اورہیو مینٹیرین سیکٹر میں 22 سالہ تجربہ کی بھی حامل شخصیت ہیں۔انسان دوست ہیں اور سب سے بڑھ کر کتاب دوست بھی۔ نیشنل ہیڈکوارٹرز آمد پر انہیں ہلالِ احمر پاکستان اور ریڈکراس ریڈکریسنٹ موومنٹ اور ہلالِ احمر کی جاری سرگرمیوں، پروگراموں اورمختلف شعبہ جات سے متعلق سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر ”ڈاکٹر عدیل نواز“ بریفنگ دیتے ہیں۔

سردارشاہد احمد لغاری نے چئیرمین شپ سنبھالنے کے فوراً بعد تمام شعبہ ہائے جات کو ہدایت کی کہ وہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ آبادی کی ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے لیے کوششیں تیز کریں۔ موجودہ صورتحال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت ہم سب کا فرض ہے۔ ہلالِ احمر پاکستان کے پلیٹ فارم سے متاثرین سیلاب کی بھرپور مدد کی جائیگی۔ جناب سردار شاہد احمد لغاری نے جامع حکمت عملی کے ساتھ ریسکیو، ریلیف اور بحالی و آبادکاری کے کام کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے ہلال احمر کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بھی کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا۔انہوں نے ہلالِ احمر کے تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کی آن لائن میٹنگ میں بھی شرکت کی۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے انڈر سیکرٹری کی جانب سے دورہ پاکستان کے موقع پربھرپور اعتماد”سند امتیاز“ ٹھہرا۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ہلال احمر پاکستان کے بھی صدر ہیں۔

ان سے نو تعینات چئیرمین جناب سردار شاہد احمدلغاری ایوان صدر میں ملاقات کرتے ہیں،صدر مملکت کی جانب سے انہیں عہدہ جلیلہ سنبھالنے پر مبار ک باد دی جاتی ہے۔اس ملاقات میں صدرِ پاکستان و صدر ہلالِ احمر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہناتھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات قابل ِ ستائش ہیں۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ انسانیت کی خدمت کا دائرہ کار بڑھایا جائے، صدر مملکت نے جناب سردار شاہد احمد لغاری کو مخاطب کرے ہوئے اِس اَمر کا اظہارکیا کہ آپ نوجوان ہیں،آپ سے بہت سی اُمیدیں وابستہ ہیں، انسانی خدمت کے اِس ادارہ کو بہتر انداز میں آگے لے کر جائیں۔

انہوں نے سیلاب زدگان کیلئے ہلالِ احمر کی جانب سے خدمات کو سراہا۔اِس موقع پر صدرِ مملکت کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہلالِ احمر کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی دی گئی، صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات کی پوری قوم معترف ہے، ہر متاثرہ شخص کی مدد کو یقینی بنایا جائے۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہلالِ احمر پاکستان کو سیلاب زدگان کی بحالی کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔بعد ازاں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کیا گیا۔

چئیرمین این ڈی ایم اے سے ملاقات میں طے پایا کہ دونوں ادارے مل کر متاثرین سیلاب کیلئے خاطر خواہ اقدامات اُٹھائیں گے۔ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ ہم تاریخ کی بدترین تباہی سے دوچار ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں طبّی سہولیات،پینے کا صاف پانی، گھریلو ضرورت کا سامان اور نفسیاتی امداد سے متاثرین کی دِلجوئی ہوئی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے سردارشاہد احمد لغاری کو ہلالِ احمر کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

اِس موقع پر سردار شاہد احمد لغاری نے سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے، متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔سردار شاہد احمد لغاری نے آنے والے دِنوں میں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بتایا۔ آنے والے دِنوں میں مشترکہ اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے کہا گیاکہ ہر متاثرہ شخص کی بھرپور مدد کی جائے گی اور تعمیر ِ نو و بحالی کے مرحلے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر صحت جناب عبد القادر پٹیل سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے انڈر سیکرٹری جنرل زاوئیر کاسٹیلانوس،ہیڈ آف ڈیلی گیشن پیٹر پی ہوف کے ہمراہ ملاقات میں سیلاب زدگان کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور جاری امدادی سرگرمیوں سے متعلق جناب چئیرمین سردار شاہد احمد لغاری تفصیل سے آگاہی دیتے ہیں۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں انٹرنیشنل فیڈریشن اورہلالِ احمر پاکستان کی جانب سے کی جانے والی انسانی خدمات انتہائی قابل ستائش ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں مصیبت زدہ لوگوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے عالمی اداروں کا تعاون قابل رشک ہے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف اور بحالی کی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں مبتلا سیلاب متاثرین اور خاص طور پر حاملہ خواتین کے لیے جنہیں صحت اور دیکھ بھال کی مدد کی اشد ضرورت ہے، کو صحت اور دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اور منصوبہ بندی پر زور دیا۔ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین جناب سردار شاہد احمد لغاری نے وفاقی وزیر صحت کو سیلاب زدہ علاقوں میں ہلال ِاحمر پاکستان کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف سروسز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

سردارشاہد احمد لغاری کا کہنا تھا کہ ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے شراکت داروں کے تعاون سے سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے امدادی آپریشن کو وسعت دیں گے۔ انٹر نیشنل فیڈریشن کے انڈر سیکرٹری جنرل زاویئر کاسٹیلانوس کا دو ٹوک یہ کہہ دینا کہ فیڈریشن انسانی ہمدردی کی کوششوں میں ہلالِ احمر پاکستان اور حکومت پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے ہلال احمر پر بھر پور اعتماد کا مظہر تھا۔ وہ واضح کرتے ہیں کہ ہلال احمر انٹر نیشنل فیڈریشن کا بہترین شراکت دار ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم متاثرین کی بہترمدد کر سکیں گے۔

چیئرمین ہلال احمر سے پاکستان سویٹ ہومز کے بانی سربراہ جناب ذمرد خان،سینیٹر منظور احمد کاکڑ سمیت متعدد احباب ملاقات کے لئے آئے، عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور پھول پیش کئے۔سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران بھی انہیں عوامی نمائندگان،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے مبارک بادیں ملتی رہیں اور گل دستے پیش کئے جاتے رہے۔کراچی میں بزنس مین کمیونٹ کی جانب سے شایان شان عشائیہ بھی دیا گیا۔ایس ایم منیر صاحب،مرزا اختیار بیگ،مرزا اشتیاق بیگ دیگر ذعماء نمایاں تھے۔شہر اقتدار میں وزیر اعظم جناب میاں محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوتی ہے اس ملاقات میں ہلال احمر کی سرگرمیوں پر ہدیہ تہنیت ملتا ہے وزیر اعظم سردار شاہد احمد لغاری کو عہدہ سینبھالنے پر مبارک دیتے ہیں اور بہت ہی کم وقت میں قابل رشک انسانی خدمات کی تعریف بھی کرتے ہیں۔ہنوز یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔

قارئین کرام،درویش قناعت پسند ہوتے ہیں۔ انہیں اس حقیقت کا احساس ہوتا ہے کہ انسانیت کی خدمت کسی بھی عبادت سے کم نہیں ہو سکتی اور اس ”درویش“ کا کہنا ہے کہ اصل تربیت اور کردار وہی ہے جو اپنے عمل سے دوسروں کے سامنے لایا جائے اور وہ تب ہی ممکن ہوگا جب آپ کا اپنا کردار اچھا ہوگا۔دعا ہے کہ ہلال احمر پاکستان دکھی انسانیت کی خدمت میں نیک نامی سمیٹتا رہے۔

Comments are closed.