آئی ایم ایف سے ڈیل کرنا میرا کام ہے مفتاح اسماعیل کا نہیں،اسحاق ڈار

52 / 100

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے آئی ایم ایف سے ڈیل کرنا میرا کام ہے مفتاح اسماعیل کا نہیں،اسحاق ڈار کا سابق وزیر خزانہ کی طرف سے تنقید کاجواب۔

ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں اسحاق ڈار نے ڈالر کی قیمت کو مصنوعی قرار دیا اور کہا کہ ڈالر کی اصل قدر 200 روپے سے کم ہے زیادہ نہیں۔

مفتاح اسماعیل کی طرف سے آئی ایم ایف معاہدہ کی خلاف ورزی کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ سب کو کہتا ہوں کچھ نہیں ہوگا مجھے آئی ایم ایف کو ڈیل کرنا آتا ہے۔

اسحاق ڈار سے قبل تحریک انصاف دور کے شوکت ترین کا بھی یہی موقف تھا اور وہ بھی یہی کہتے تھے کہ ہمیں اپنے لوگوں کا خیال رکھنا ہے مگر تب انھیں تنقید کانشانہ بنایا جاتا تھا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل ہمارے ساتھی ہیں، ان کی اپنی سوچ اور میری اپنی سوچ ہے، میں سمجھتا ہوں سیلاب کے دوران پٹرول کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے تھا۔

مفتاح اسماعیل سمیت سب کو کہتا ہوں کچھ نہیں ہوگا مجھے آئی ایم ایف کو ڈیل کرنا آتا ہے، وزیراعظم کو بھی کہہ دیا ہے آئی ایم ایف اور میں جانوں، آئی ایم ایف کی ڈیل کرنا میرا کام ہے مفتاح کا نہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو 25 سال سے ڈیل کر رہا ہوں، اللہ نے ہمیں موقع دیا ہے عوام کی تکالیف کو نہیں بھولنا چاہیے، نواز شریف قیمتیں بڑھانے پر ناراض ہوکر ویڈیو لنک اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ادارہ شماریات پر ہمارا کوئی دباؤ نہیں وہ آزاد ہے، اگر گھٹیا سیاست نہ ہوتی تو آج پاکستان کا بہتر مقام ہوتا، عمران خان اور ان کی پوری ٹیم کے اعصاب پر میں سوار ہوں۔

انھوں نے سابق وزیراعظم کی طرف توپوں کا رخ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جھوٹا اور بزدل شخص ہے، آڈیو لیکس کی سازش سابق وزیراعظم نے پرنسپل سیکرٹری کے ساتھ کی۔

انھوں نے کہا کہ ڈیل اور ڈھیل صرف اور صرف عمران خان کی قسمت میں ہے، انہوں نے ڈیل کرکے الیکشن لڑا، ڈیل کرکے اپنے آپ کو مینار پاکستان میں لانچ کروایا، ٹیکس پیئر کے کروڑوں روپے اس پر لگائے گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر تمام ڈیلوں کے باوجود اگر یہ کارکردگی دکھاتے، یقین کریں کہ ان کے خلاف تحریک اعتماد کرنے کے لیے شاید قانونی اور آئینی راستہ اختیار نہ کرتے، تاہم انہوں نے سفارتی تعلقات، معیشت کی تباہی کردی، نئی نسل کے اخلاق کی تباہی کردی۔

عمران خان کے دماغ میں یہ بات گھس گئی ہے کہ شاید وہ سچ مچ لیڈر ہے

وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان بدترین جھوٹا اور بزدل آدمی ہے، ججوں کی بحالی کے لیے نواز شریف نکلے تو یہ 10 فٹ کا گیٹ پھلانگ کر راولپنڈی سے بھاگ گئے تھے، ایک ایس ایچ او کی مار تھے، یہ تو اٹھانے والوں نے ان کو ہمت دی۔

انھوں نے ہی ان کو کھڑا کیا، ان کو لانچ کیا، عمران خان کے دماغ میں یہ بات گھس گئی ہے کہ شاید وہ سچ مچ لیڈر ہے، یہ اداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا ان کو شرم آنا چاہیے کہ جنہوں نے ان کی مدد کی، اب ان کے خلاف کی بھی ان کی باتیں ہیں،میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں، مجھے ثابت کریں کہ خدانخواستہ میں نے کوئی غلط کام کیا ہے۔

عمران خان سنو، میں نے زندگی میں کبھی ٹیکس ریٹرن کی 20 منٹ بھی تاخیر نہیں کی، جو تین بار پاکستان کو وزیرخزانہ رہ چکا تھا، اس کے خلاف جے آئی ٹی نے الزام لگایا تھا کہ اسحٰق ڈار نے 20 سال تک ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہارے خلاف سارے کیسز کیلفورنیا، یوکے کی ٹیکس حکام کو فراڈ کرنے سے لے کر پاکستان میں جو کچھ کیا ہے، میں نہیں چاہتا کہ پہلے ٹی وی پروگرام میں آپ کا کٹھا چٹھا کھولوں۔

اسحاق ڈار نے عمران خان کی اصلیت بتانے کی وارننگ دے دی

ساتھ ہی دھمکی دی کہ اگر آپ خود کو قابو نہیں کریں گے تو قوم کو تمام چیزیں بتاؤں گا کہ یہ اصلیت ہے، میری وراننگ کو سنجیدہ لیں ورنہ ان کی اور میری پبلک میں جنگ شروع ہو گی، میں نہ کیس ڈیل کا حصہ ہوں اور نہ کسی سے این آر او مانگا ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان خدا کا خوف کریں، سچ بولیں، اگر سچ بولنے کی توفیق نہیں ہے تو منہ بند رکھیں، ورنہ جواب دینا سب کو آتا ہے، میں نے آپ کا بہت لحاظ کیا ہے، آپ وہی ہیں جو 1993 سے پہلے مجھ سے ملنے کے لیے آدھا، آدھا گھنٹہ انتظار کیا کرتے تھے۔

اسحاق ڈار نےنواز شریف کے پاکستان واپس آنے سے متعلق کہا کہ نواز شریف کے علاج میں کورونا کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے، ہمیں انصاف کی توقع ہے جیسا کہ مریم نواز کو ملا ہے، اسی طرح نواز شریف کو بھی انصاف ملے گا، وہ مستقبل قریب میں پاکستان واپس آئیں گے۔

Comments are closed.