ہفتہ کی شام 7 بجےدونوں ٹیمیں پریکٹس سیشنز کا آغاز کریں گی

53 / 100

فائل:فوٹو

کراچی: پاکستان کے خلاف سات ٹی20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے جوز بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کی 19 رکنی کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی۔

دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے پہلے مرحلہ میں ابتدائی چار ٹی20 انٹرنیشنل میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ اگلے ماہ شیڈول آئی سی سی ٹی20 عالمی کپ سے قبل ہونے والی اس سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان بھی آج ہوگا۔

دبئی کے راستے آنے والی مہمان ٹیم کی آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، اپنی آمد کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر مقامی ہوٹل میں 2 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔

سیریز کے ابتدائی چار میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تینوں میچز بالترتیب 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں طے ہیں۔

کراچی میں ہفتہ کی شام 7 بجےدونوں ٹیمیں پریکٹس سیشنز کا آغاز کریں گی، یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا جبکہ میچز کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوا کرے گا۔

ادھر پی سی بی نے انگلینڈ کے ساتھ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے جس میں انگلینڈ کے ڈیوڈ گاور، مارک بچر کے علاوہ وسیم اکرم، وقار یونس، عامر سہیل، بازید خان اور عروج ممتاز کمینٹریٹر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ زینب عباس پریزنٹر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گی۔

Comments are closed.