چیئرمین ہلال احمر شاہد لغاری نے 500سیلاب متاثرین میں امدادی پیکیج تقسیم کیا

50 / 100

وقار فانی

لاڑکانہ : ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام سیلاب متاثرہ 500گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا، اِس حوالے سے عیدگاہ شیخ زید کالونی لاڑکانہ میں تقریب منعقد کی گئی ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ہلال احمر شاہد لغاری نے 500سیلاب متاثرین میں امدادی پیکیج تقسیم کیا۔

سیلاب سے متاثرہ افراد میں جو سامان تقسیم ہوا اس امدادی پیکیج میں گھریلو ضرورت کا سامان جس میں کچن سیٹ، 2 تارپولین شیٹس، 2 کمبل اور ایک ٹینٹ شامل ہے۔

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر جناب سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ سے پیش پیش ہے۔متاثرین سیلاب کی مدد، خدمت اوّلین ترجیح ہے۔

ہلالِ احمر نے بلا امتیاز، بلا تفریق، بلا رنگ ونسل ہر متاثرہ گھرانے کی مدد کی ہے اور کررہے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، طبّی سہولتیں، صحت و صفائی کے سامان کی تقسیم اور نفسیاتی امداد کے علاوہ گھریلو ضرورت کا سامان بہم پہنچا رہے ہیں۔

 

ہلالِ احمر دُکھی انسانیت کا مرہم ہے، ہم اپنے موومنٹ پارٹنرز اور دیگر اداروں کے اشتراک سے تعمیر نو، بحالی کیلئے مربوط حکمت عملی کے ساتھ کام کریں گے۔ ریسکیو، ریلیف میں ہلالِ احمر پاکستان نے گرانقدر کام کیا ہے۔

لاڑکانہ میں امدادی پیکیج کی تقسیم ہلالِ احمر کی جانب سے اقدامات کا حصہ ہے۔ آج متاثرین کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر خوشی ہوئی، ہم تاریخ کی سب سے بڑی تباہی سے دوچار ہیں۔ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک ہلالِ احمر اپنا کام جاری رکھے گا۔

اِس سے قبل لاڑکانہ برانچ کے چیئرمین احمد محمود فاروقی نے استقبالیہ کلمات کہے،انہوں نے چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد لغاری و عملہ کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب لاڑکانہ کے متاثرین سیلاب کی دِلجوئی کیلئے ہے۔

یہاں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں، ہمیں نیشنل ہیڈکوارٹرز سے 4 ایمبولینس بھی فراہم کی ہیں جو مکمل فعال ہیں۔ لاڑکانہ برانچ کم وسائل کے باوجود بہتر انداز میں متاثرین کی خدمت کررہی ہے۔

انھوں نے کہا ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ ہمیں عملہ اور وسائل فراہم کیے جائیں، لاڑکانہ میں صحت عامہ کی صورتحال بھی ناگفتہ بہ ہے اور بالخصوص خواتین زیادہ متاثر ہیں اِس جانب بھی بھرپور توجہ ملے۔

، انہوں نے کہاکہ ہلالِ احمر اپنے موومنٹ پارٹنرز کی مدد سے ہر ایک متاثرہ گھرانے تک امداد پہنچانے میں کامیاب ہوگا۔

Comments are closed.