پی ٹی آئی رکن اسمبلی شکورشاد کی پارٹی رکنیت معطل، شوکاز جاری

52 / 100

اسلام آباد: پی ٹی آئی رکن اسمبلی شکورشاد کی پارٹی رکنیت معطل، شوکاز جاری کردیا گیا ، تحریک انصاف کے رہنما کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاگیا۔

اس حوالےسے ٹوئٹر پر بیان میں سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے لکھا کہ شکور شاد کو پارٹی پالیسی کے خلاف اقدام کے حوالے سے شو کاز نوٹس جاری کیا گیا۔

انہوں نے پارٹی پالیسی کے خلاف اپنا استعفی عدالت میں درخواست دائر کر کے منسوخ کروایا۔ ان سے ان کے اقدام اور میڈیا پر پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

شکور شاد کو جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 7 دن کے اندر جواب دے کر بتائیں کہ آپ کی رکنیت کیوں بحال کی جائے؟

شوکاز نوٹس کے مطابق حلقہ این اے 246 سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو چکے ہیں، لہٰذا اس حلقے سے بطور کورنگ امیدوار آپ کی نامزدگی بھی واپس لی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ شکور شاد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا کہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نام کوئی استعفا بھیجا اور نہ ہی اس پر میرے دستخط ہیں۔

انھوں نےعدالت سے استدعا کی کہ میرا استعفیٰ منظور ہونے اور قومی اسمبلی کی نشست خالی ہونے کےنوٹیفکیشنز معطل کیے جائیں۔

شکور شاد کی درخواست پرعدالت نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی تھی۔

بعد ازاں شکور شاد کے اس عمل کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کی بنیاد پر رکنیت معطل کرتے ہوئے سات دن کے اندر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

Comments are closed.