سری لنکا بنگلہ دیش کو 2وکٹوں سے ہرا کر ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا

59 / 100

فوٹو: اے ایف پی
دبئی: سری لنکا بنگلہ دیش کو 2وکٹوں سے ہرا کر ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا، بنگلہ دیش کی ٹیم بڑا اسکور کرنے کے باوجود اس کا دفاع کرنے میں ناکام رہی اور ایشاکپ سے آوٹ ہو گئی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے اہم میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شانکا نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سری لنکن ٹیم میں ایک جبکہ بنگلادیش کی جانب سے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں۔

بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، عفیف حسین 39 ، مہدی حسن نے 38، محموداللہ نے 27 اورشکیب الحسن نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ کے اختتامی مراحل میں مصدق حسین کی برق رفتار اننگز کی بدولت بنگلادیش نے مقررہ اوورز میں 183 رنز بنائے، مصدق حسین 9 گیندوں پر 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا اور کرونارتنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا رہا لیکن چھٹے اوور میں 45 کے مجموعی اسکور پر نی سنکا 20 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کو دوسرا نقصان آسالنکا کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ صرف ایک رنز بناکر پویلین لوٹے،جس کے بعد سری لنکا کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں لیکن اس دوران کوشل مینڈس اور کپتان داسن شانکا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔

کوشل37 گیندوں پر 60 اور شانکا 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، تاہم آخری اوورز میں کرونارتنے اور فرنینڈو نے جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔

http://

کرونارتنے نے 10 گیندوں پر 16 جبکہ فرنینڈو نے 3 گیندوں پر ناقابل شکست 10 رنز بناکر سری لنکا کو 2 وکٹوں سے کامیابی دلا کر سپر فور مرحلے میں پہنچا دیا۔

ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل تھیں بنگلہ دیش آوٹ ہوگیا۔

اب تک بھارت افغانستان اور سری لنکا کی ٹیم سپر فور مرحلے میں اپنی جگہ بنا چکی ہیں جب کہ پاکستان کو سپر فور میں پہنچنے کیلئے کمزور حریف ہانگ کانگ سے جیتنا پڑے گا۔

سپر فور مرحلے کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا،سپر فور کی چوتھی ٹیم کا فیصلہ کل پاکستان اور ہانگ کانگ کے ناک آؤٹ میچ کے بعد ہوجائے گا۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.