ہنگری ،پیش گوئی غلط ثابت ہونے پر محکمہ موسمیات کی سربراہ برطرف

45 / 100

فائل فوٹو

بدا پیسٹ: ہنگری میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور آندھی کی پیش گوئی غلط ثابت ہونے پر محکمہ موسمیات کی سربراہ کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ میں سینٹ اسٹیفن ڈے کے موقع پر نہ صرف سرکاری تعطیل تھی بلکہ شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہونا تھا۔ اس دن کے لیے شہری پورا سال منتظر رہتے تھے۔

سینٹ اسٹیفن ڈے کی تقریب کے لیے 40 ہزار فائر ورکس جلانے کا انتظام کیا گیا تھا اور تقریباً 20 لاکھ افراد اس تقریب میں شرکت ہوتے اور یورپ کی سب سے بڑی آتش بازی ہونا تھی۔

تقریب کے آغاز سے 7 گھنٹے قبل محکمہ موسمیات نے پیش گوئی میں کہا کہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے جس پر حکومت اور انتظامیہ نے افسردہ دل کے ساتھ آتش بازی کو منسوخ کردیا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی غلط ثابت ہوئی اور نہ تو بارش ہوئی اور نہ آندھی چلی جس پر عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ اپوزیشن نے بھی شدید تنقید کی جب کہ حکومت نے بھی محکمہ موسمیات سے باز پرس کی۔

اس کے اگلے روز نیشنل میٹرولوجیکل سروس کی صدر کورنیلیا ریڈکس اور ان کے ڈپٹی چیف گیولا ہورواتھ کو عہدوں سے فارغ کردیا گیا۔ برطرفی کی وجہ تو نہیں بتائی گئی تاہم ایسا لگتا ہے کہ محکمہ موسمیات کی سربراہ کو موسم کی غلط پیش گوئی پر برطرف کیا گیا۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے بھی غلط پیش گوئی پر معذرت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایک غیر یقینی صورتحال کے باعث پیش گوئی میں غلطی ہوئی۔ طوفان نے آخری وقت میں اپنی سمت تبدیل کرلی تھی تاہم تب تک دیر ہوچکی تھی۔

Comments are closed.