وزیراعظم کا کراچی کیلئے162ارب روپے کے پیکیج کااعلان

کراچی( ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لیے 162 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا۔

یہ اعلان دورہ کراچی کے دوران گورنر ہاوٴس میں کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا گیا، وزیراعظم نے شہر کے لیے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ پیکیج اپنے وسائل اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ سے تیار کیا ہے، پیکیج میں 18 منصوبے ہیں جس میں سے پبلک ٹرانسپورٹ کے 10 اور واٹر سیوریج کے 7 منصوبے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کے پراجیکٹ کے لیے شہر کو پانی بچانے کیلئے پوری مہم چلانا پڑے گی، کبھی پاکستان میں پانی بچانے کی کوئی مہم نہیں چلی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے لیکن سندھ حکومت اندرونِ سندھ سے کامیاب ہوتی ہے، انہوں نے جو کراچی کے ساتھ سلوک کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ کراچی ایک خاص ایریا سے زیادہ نہیں پھیلے گا، جب تک پورا ماسٹر پلان نہیں بنتا عبوری فیصلے کرنا ہیں، کئی چیزیں شہر میں روکنی ہیں، اگر ایسا نہ کیا تو شہر کہیں سے کہیں پہنچ جائے گا۔

وزیراعظم نے کہاشہر میں سب سے زیادہ کچی آبادیاں ہیں، ہمیں شہر کو محدود کرکے کچی آبادیوں کو ترقی دینا ہے، کراچی میں دستیاب جگہ بچانے کے لیے کثیرالمنزلہ عمارتوں کی ضرورت ہے۔

ہم نے کراچی کو اوپر کی طرف لے جانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سول ایوی ایشن کو کہا ہے کہ ائیرپورٹ اور اطراف کے ایسے علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں بلند عمارتیں نہیں بن سکتیں اس کے علاوہ جتنی چاہیں بلند عمارتوں کی اجازت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ کراچی کے کام اب عملدرآمد کی طرف جائیں، گورنر سندھ کو کہا ہے کہ جو مدد چاہیے، ہم حاضر ہیں۔

Comments are closed.