پلوامہ حملہ، پاکستان نے بھارتی ڈوزیئر کا جواب دے دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے دیئے گئے ڈوزیئر کا جواب دے دیا۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ بلا کر پلوامہ حملے پر فائنڈنگ شیئر کی گئیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے ٹھوس شواہد فراہم کرنے پر مکمل تعاون کی پیش کش کی تھی لیکن وزیراعظم عمران خان کی پیشکش پر بھارت نے صرف ایک صفحہ 27 فروری کو دیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تعاون کیا ہے، پاکستان خطے کی امن و سلامتی کی خاطر تعاون کرتا ہے، اس معاملے پر بھارت سے مزید شواہد اور معلومات مانگی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا بھارت کی جانب سے ‘اینٹی سٹیلائٹ میزائل’ کا تجربے پر ردعمل میں کہنا تھا کہ پاکستان خلا میں اسلحہ کی دوڑ سے اجتناب کا سخت حامی ہے کیوں کہ خلا بنی نوع انسان کی مشترکہ میراث ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو خلا کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کریں، خلا سے متعلق بین الاقوامی قوانین میں سقم دور کرنے کی اشد اضرورت ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پرامن سرگرمیوں کو خطرات نہ ہوں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ خلائی ٹیکنالوجی کا استعمال سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ہونا چاہیے لہٰذا خلا کو درپیش فوجی خطرات سے بچاوٴ کیلئے سب مل کر کام کریں۔

Comments are closed.