ملائشین وزیراعظم کا پاکستان میں کار پلانٹ لگانے کااعلان

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کا پاکستان میں کار پلانٹ لگانے کا اعلان اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو کار تحفے میں دی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے پاکستان میں کار پلانٹ لگانے کا بھی اعلان کیا، اور اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو ملائیشیا کی بنی کار “پروٹون” تحفے میں پیش کی۔

انھوں نے کہا ہم نے پاکستان میں کار پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کے اندر تیار کردہ یہ گاڑیاں جون 2020 کے اندر پاکستان کی سڑکوں پر دوڑیں گی۔

ملائیشین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزادی کے وقت ملائیشیا ایک غریب ملک تھا، لیکن ہم نے کوریا اور جاپان کے لوگوں سے سبق سیکھا، اور ملائیشیا میں بیرونی سرمایہ کاری لیکرآئے۔

سرمایہ کاری سے ٹیکنالوجی ملائیشیا منتقل ہوئی، اور پھر ہمارے ملک میں صنعتوں کے قیام سے غربت کا خاتمہ ہوا۔ صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری سے ملک ترقی کرتے ہیں، اور سرمایہ کاری کے لیے امن واستحکام بہت ضروری ہے۔

انھوں نے کہا پاکستان اورملائیشیا کو تجارتی تعاون بڑھانے اور تاجروں کے لیے اشتراک کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

مہاتیر محمد نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ صرف بہترتعلقات نہیں بلکہ معاشی تعلقات میں بھی اضافہ چاہتے ہیں، ہم پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

Comments are closed.