وزیراعظم عمران خان کا نیوزی لینڈ کی ہم منصب کوٹیلی فون

اسلام آباد(زمینی حقائق) وزیراعظم عمران خان کا نیوزی لینڈ کی ہم منصب جسینڈا آرڈرن کو ٹیلی فون، سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد ان کے ردعمل کی تعریف کی۔

وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے فون پر بات چیت کے دوران نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی مسلمانوں کے ساتھ باعزت برتاوٴ پر ان کی تعریف کی۔

عمران خان نے کہا کہ اٰپ کے قابل تحسین اقدامات پر پاکستانی قوم شکر گزار ہے، نیوزی لینڈ کے مقامی حکام کی جانب سے سانحہ پر تیز رد عمل پر خراج تحسین کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا اور عالمی انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم آرڈرن نے دیگر رہنماوٴں کو راستہ دکھایا ہے، آپ کی قیادت اور رویے کے باعث پاکستان میں آپ نے بہت سے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا، غم کی اس گھڑی میں پاکستان نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کہا کہ اس حادثے کے باعث نیوزی لینڈ صدمے میں ہے، ہم نے فوری طور پر آٹومیٹک گنز اور رائفلز پر پابندی عائد کی۔

جیسنڈا آرڈن نے سانحہ میں پاکستان کے نعیم رشید کی جرات و بہادری کی تعریف کی اور کہا کہ نیوزی لینڈ مسلمانوں کی آزادی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈن کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعے مساجد پر حملے میں 50 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے۔

Comments are closed.